مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو سرحد پار سے ہوا دی جارہی ہے‘ بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کا الزام

پیر 12 جولائی 2010 16:25

مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو سرحد پار سے ہوا دی جارہی ہے‘ بھارتی ..
نئی دہلی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی۔2010ء) بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ عوامی احتجاج کو سرحد پار سے ہوا دی جارہی ہے‘ علیحدگی پسند کشمیری عوام کی ساد گی کا فائدہ اٹھا کر انہیں بھڑکا رہے ہیں‘تمام کشمیری موجودہ خرابی کے پیچھے نہیں ہیں‘ہم نے پچھلے چند سالوں میں ریاست کے اندر خیر سگالی کی فضا ء پیدا کی تھی مگر ریاستی حکومت اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی اُس نے موقع گنوا دیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پار موجود کچھ عناصر مقبوضہ کشمیر میں حالیہ عوامی احتجاج کو مزید بھڑکا رہے ہیں اس احتجاج پر علیحدگی پسندوں نے قبضہ کر لیا ہے حالانکہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں عام آدمی کی حمایت حاصل نہیں ہے جو اصل میں امن چاہتا ہے، تمام نہیں بلکہ چند کشمیری موجودہ صورتحال کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس احتجاج سے نمٹنے کیلئے جو کچھ بھی کیا جائے پورے دل اور بھرپور انتظامی عزم و حوصلے کیساتھ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں منی ہائیڈل پاور منصوبوں اور سدبھاونا سمیت مختلف منصوبے شروع کر کے عوام میں خیرسگالی کی فضا ء پیدا کر لی تھی جس کی وجہ سے مجاہدین کی کارروائیاں بھی کم ہو گئیں تھیں تاہم مقامی انتظامیہ اس فضاء کی بنیاد پر معاملات آگے بڑھاتی تو آج صورتحال بہت بہتر ہوتی۔

پچھلے دو سالوں میں بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر کے شہروں سے نکلنے کے بعد ریاستی انتظامیہ کو کشمیری عوام کے قریب ہونا چاہیے تھا مگر اس نے موقع گنوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات خراب کرنیوالے شرپسندوں کی نشاندہی کر کے انتظامی اقدامات کے ذریعے ان کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔