خیبرپختونخواہ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا،متاثرہ علاقوں کا زرعی ٹیکس معاف،پنجاب حکومت نے متاثرین کی بحالی کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی

ہفتہ 31 جولائی 2010 17:02

خیبرپختونخواہ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے بھی سیلاب ..
لاہور،نصیر آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31جولائی۔2010ء) خیبرپختونخواہ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا،متاثرہ علاقوں کا زرعی ٹیکس معاف،پنجاب حکومت نے متاثرین کی بحالی کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی،نواز شریف کا آفت زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، پرویز رشید، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرین کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو آفت زدہ علاقوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے ہدایت کی کہ متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جو متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی اور نقصانات کا جائزہ لے کر رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میانوالی، راجن پور،سرگودھا، خوشاب، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر زرعی ٹیکس معاف کر دئیے ۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر زرعی ٹیکس معاف کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی آفت زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور اپنے دورے کا آغاز سب سے زیادہ متاثرہ علاقے سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو علاقے سیلاب کے خطرے میں ہیں اور جہاں ابھی تک پانی نہیں پہنچا انہیں فوری طو رپر محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے اور جن علاقوں میں پانی پہنچنے کے باعث لوگ محصور ہو چکے ہیں وہاں سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اس مقصد کیلئے کشتیاں اور ہیلی کاپٹر پہنچ چکے ہیں اور لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالا جارہا ہے۔

ریسکیو آپریشن کی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خود نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ متاثرین کی بحالی اور جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ متاثرین کی بحالی کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔ ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور صوبائی وزراء کے ہمراہ نصیر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے نصیر آباد ، ڈیرہ مراد جمالی، کوہلو ، بارکھان، جھل ملسی اور کچی سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے اور نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے محکمہ آبپاشی کو سروے کا حکم دے دیا ہے۔ حتمی تخمینہ آنے کے بعد متاثرین کے مالی نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور یہ سلسلہ روکنے کیلئے بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات کو سیکورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔