پاکستان کرکٹ ٹیم ایک بار پھر بحران کا شکار ہوگئی ،ذوالقرنین دبئی میں لاپتہ،چوتھا میچ جتوانے پر قتل کی دھمکی دی گئی ، پاکستانی کرکٹ ٹیم چھوڑ کرجارہاہوں، ذوالقرنین حیدرکا اردوپوائنٹ کے سپورٹس ایڈیٹرکو فیس بک پر پیغام، وکٹ کیپر بیٹسمین صبح چھ بجے دبئی میں ٹیم ہوٹل سے غائب ، تاحال کسی سے رابطہ نہیں نہ ہوسکا

پیر 8 نومبر 2010 16:06

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر پراسرار طور پر دبئی میں لاپتہ ہوگئے ہیں اور تاحال ان سے کسی کا رابطہ نہیں ہوسکا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے فیس بک پر اردوپوائنٹ کے سپورٹس ایڈیٹراعجازوسیم باکھری کو پیغام بھیجا کہ چوتھے میچ میں پاکستان کو ناممکن کامیابی دلانے پرمجھے قتل کی دھمکی دی گئی ہے اس لیے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو چھوڑ کرجارہا ہوں۔

(جاری ہے)

ذوالقرنین حیدر نے یہ پیغام اپنے فیس کے پیج پر بھی چھوڑا ہے کہ آخری میچ میں پاکستانی ٹیم کو جتوانے پر قتل کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق وہ پیر کے روز صبح ساڑھے چھ بجے دبئی کے گرینڈ حیات ہوٹل سے باہر نکلے اور تاحال ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ کہاں ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجرندیم سرور کے مطابق ذوالقرنین حیدرنے گزشتہ روز کسی بہانے سے اپنا پاسپورٹ لے لیا ہے اوراطلاعات ہیں کہ وہ انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں جبکہ ٹیم منیجر انتخاب عالم میڈیا کوتفصیلات بتانے سے گریز کررہے ہیں۔

ذوالقرنین حیدر نے لاہور پولیس سے بھی اپیل کی کہ ماڈل ٹاؤن میں ان کے گھروالوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے جس کے بعد ایس ایس پی سیکورٹی لاہور رانا سہیل نے ان کے گھر ایک ایس ایچ او سمیت دس پولیس اہلکار کو ان کے گھر کے باہر تعینات کردیا ہے