ایبٹ آباد، بابا حیدر زمان کو آبائی حلقے سے زبردست دھچکا، دیرینہ ساتھی سردار صلابت مسلم لیگ(ن) میں شامل ، مسلم لیگ(ن) نظریاتی جماعت ہے،ستوڑہ کی عوام کو درپیش تمام مسائل انشاء اللہ بہت جلد حل ہو جائیں گے، مرتضیٰ جاوید عباسی ، ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ اور دیگر کا جلسہ عام سے خطاب

اتوار 14 اکتوبر 2012 19:21

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔14اکتوبر ۔2012ء) بابا حیدر زمان کو آبائی حلقے سے زبردست دھچکا۔ دیرینہ ساتھی سردار صلابت جنبے سمیت مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوگئے۔ مسلم لیگ(ن) نظریاتی جماعت ہے۔ بابا حیدر زمان پر سخت تنقید۔ستوڑہ کی عوام کو درپیش تمام مسائل انشاء اللہ بہت جلد حل ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک صوبہ ہزارہ کے قائدبابا حیدر زمان کے دیرینہ ساتھی دیوال منال اور ستوڑہ کی اہم سیاسی و سماجی شخصیت سردار صلابت اپنی برادری اور جنبے سمیت مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔

سردار صلابت نے ستوڑہ کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے علاقے میں ایک جدید ترین جہانداد میڈیکل سنٹر کا قیام عمل میں لایا ہے۔اتوار کے روز جہانداد میڈیکل سنٹر کے افتتاح کے موقع پر ایک جلسہ عام کا بھی اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں ستوڑہ کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی اور ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ تھے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار صلابت، سردار سفیر، احسن علی شاہ، سوموار خان، سردار پرویز اور دیگر نے بابا حیدر زمان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بابا حیدر زمان چاہتے ہیں کہ علاقے کی سرداری دیوال منال سے باہر نہ جائے۔ اور کسی اور علاقے کا کوئی بھی شخص لیڈر نہ بنے۔ بابا حیدر زمان اکیلے ہی سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ سردار صلابت نے بابا حیدر زمان کے قریبی ساتھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص نے قرآن پاک پر حلف اٹھا کر دھوکے بازی کی ہے۔

ایسا شخص قابل بھروسہ نہیں ہے۔ سردار صلابت نے اس موقع پر مسلم لیگ(ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی اور ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نظریاتی جماعت ہے۔ ہم نے عوام سے جتنے بھی وعدے کئے ہیں پورے کئے ہیں۔ اور انشاء اللہ آئندہ بھی ہم عوام سے جو بھی وعدہ کریں گے وہ ضرور پورا ہوگا۔

ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی نے آئندہ تین ماہ کے اندر ستوڑہ روڈ کی تعمیر کا اعلان جبکہ ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے سات دن کے اندر ستوڑہ میں پانے کے مسئلے کے حل کے لئے ٹیوب ویل چالو کرنے، ستوڑہ میں گرلز مڈل سکول کے قیام اور جہانداد میڈیکل سنٹر کے لئے دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے جہانداد میڈیکل سنٹر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔