اگر معاشرے میں تبدیلی لانی ہے تو اس کے لیے نئی نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، ہم تو اپنی اس ذمہ داری کو خاطر خواہ طریقہ سے نہیں نبھا سکے، نوجوان طلباء و طالبات کو اب یہ ذمہ داری نبھانا ہوگی ،طلباء و طالبات تندہی اور محنت سے تعلیم حاصل کریں، ہر شعبے میں آگے بڑھیں اور اپنے ملک اور صوبے کی خدمت کریں،گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کا تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2012 21:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اکتوبر۔ 2012ء) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ اگر معاشرے میں تبدیلی لانی ہے تو اس کے لیے نئی نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم تو اپنی اس ذمہ داری کو خاطر خواہ طریقہ سے نہیں نبھا سکے تاہم نوجوان طلباء و طالبات کو اب یہ ذمہ داری نبھانا ہوگی، انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ پوری تندہی اور محنت سے تعلیم حاصل کریں، ہر شعبے میں آگے بڑھیں اور اپنے ملک اور صوبے کی خدمت کریں، وہ یہاں بلوچستان بوائے سکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ پانچ روزہ سکاؤٹ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسل ہماری قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے اگر اسے ہمارے قومی رحجانات اور سماجی تقاضوں کے مطابق صحیح تربیت اور رہنمائی مہیا کی جائے، انہوں نے کہا کہ نصابی تعلیم ہی بچے کے لیے کافی نہیں بلکہ ایسی تربیت بھی فراہم کرنا ضروری ہے جو ہماری نئی نسل کو ایک اچھا شہری اور ایک اچھا انسان بننے میں معاون و مددگار ثابت ہوا، انہوں نے کہا کہ سکاؤٹ تحریک کا بھی یہی مشن ہے، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بوائے سکاؤٹ تنظیم اپنے وسائل کے مطابق مقدور بھرکوشش کر رہی ہے جبکہ اسے اس مہم کے لیے یونیسف کی بھرپور رہنمائی اور سرپرستی بھی حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ سکاؤٹس تحریک کے پروگرام کے تحت بچوں کو اس طرح تربیت دی جاتی ہے جس سے ان کی مذہبی ، روحانی، سماجی، جسمانی نشوونما کر کے ان میں قائدانہ صلاحتیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے جس سے وہ مستقبل کے بہترین اور کارآمد شہری بن جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بلوچستان کے تمام پرائمری ، مڈل، ہائی سکولوں اور کالجوں میں لازمی طور پر سکاؤٹ یونٹ قائم ہوں، گورنر نے سکاؤٹس کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اندر قوت برداشت ، صبروتحمل، بزرگوں خصوصاً والدین اور اساتذہ کی عزت و احترام ، وطن سے محبت، محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں تو انشاء اللہ دنیا اور آخرت کی تمام تر کامیابیاں ان کی دسترس میں ہوں گی، انہوں نے یقین دلایا کہ بحیثیت چیف سکاؤٹ صوبے میں سکاؤٹنگ کے فروغ کے لیے وہ پوری کوشش کریں گے، اس موقع پر گورنر نے بلوچستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے لیے دس لاکھ روپے کے عطیہ کا بھی اعلان کیا، جبکہ تقریب میں شریک صوبائی وزیر اطلاعات محمد یونس ملازئی نے پانچ لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا، اس سے قبل سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن منیر احمد بادینی، بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری صابر حسین نیازی اور صوبائی سکاؤٹ کمشنر نظام مینگل نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ایسوسی ایشن کی خدمات اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، بعد میں گورنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکاؤٹس میں انعامات تقسیم کئے۔