اقوام متحدہ کا کل دنیا بھر میں ملالہ ڈے منانے کا اعلان، لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی ملالہ کی جدوجہد مشعل راہ ہے،10 نومبر کو ملالہ ڈے پر عالمی برادری یکجہتی کا اظہار کرے، سیکرٹری جنرل بان کی مون کا ویڈیو پیغام۔۔ اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے عالمی تعلیم گورڈن براؤن خصوصی طور پرپاکستان آئیں گے اور صدر آصف زرداری سے ملاقات میں انہیں10 لاکھ سے زائد افراد کی دستخط کردہ درخواست پیش کریں گے

حملے کے بعد دنیا بھر کی محبت دیکھ کر خوش ہونے کے ساتھ انتہائی حیران بھی ہوں، لوگوں کی محبت نے برے وقت میں طاقت دی،ملالہ یوسفزئی کا دنیا بھر سے نیک خواہشات کا پیغام بھیجنے والوں سے اظہار تشکر

جمعہ 9 نومبر 2012 13:45

اقوام متحدہ کا کل دنیا بھر میں ملالہ ڈے منانے کا اعلان، لڑکیوں کی تعلیم ..
نیویارک/برمنگھم /اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ آئی این پی، 11 نومبر 2012) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ملالہ یوسف زئی کے ناقابل شکست حوصلوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئےکل10نومبرکودنیا بھر میں یوم ملالہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم کے لئے آواز اٹھانے والی ملالہ کی جدوجہد مشعل راہ ہے، ملالہ ڈے پر عالمی برادری یکجہتی کا اظہار کرے، دنیا بھرکے لوگ ملالہ کے لئے آواز بلند کریں گے۔

اس سلسلے میں بان کی مون نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی انسان کا بنیادی حق اور آگے بڑھنے کا ذریعہ ہے۔ ملالہ یوسف زئی بہادر بیٹی ہے جس نے ہمت اور بہادری کی مثال قائم کی۔ ملالہ ڈے پر دنیا بھر کے افراد ملالہ کے ہم آواز بن جائیں اور تعلیم کی بہتری کے لئے اقوام متحدہ کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے عالمی تعلیم اور سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن اس سلسلے میں خصوصی طور پرپاکستان آئیں گے اور وہ صدر آصف زرداری سے ملاقات میں انہیں دس لاکھ سے زائد افراد کی دستخط کردہ درخواست پیش کریں گے تاکہ پاکستان میں تمام بچوں کو تعلیم کی برابر سہولیات کی فراہم ی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر ملالہ یوسفزئی نے دنیا بھر سے نیک خواہشات کا پیغام بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے اپنا پیغام جاری کیا ہے علالت کے باعث ملالہ کا پیغام ان کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے پڑھ کر سنایا۔ ملالہ کہتی ہیں کہ حملے کے بعد دنیا بھر کی محبت دیکھ کر خوش ہونے کے ساتھ انتہائی حیران بھی ہوں۔ لوگوں کی محبت نے برے وقت میں طاقت دی۔