لاہور میں مزار اقبال پراعزازی گارڈز کی تبدیلی،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی

جمعہ 9 نومبر 2012 13:47

لاہور میں مزار اقبال پراعزازی گارڈز کی تبدیلی،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز ..
لاہور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ آئی این پی، 11 نومبر 2012 ) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 135ویں یوم ولادت پر لاہور میں ان کے مزار پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب روایتی جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔پاکستان رینجرز اوربحریہ کے دستے نے مزار پر سلامی دی اور مزار اقبال کے باہر پوزیشنیں سنبھال لیں۔

رینجرز کی جگہ پاک بحریہ کے دستے نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔نیوی کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور اکبر نقی اور ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے گارڈز کے دونوں دستوں کا معائنہ کیا،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی،اس کے بعد انہوں نے مزارپر رکھی یاداشت کی کتاب میں اپنے خیالات قلمبند کیے،تقریب میں اعلیٰ سول عہدیداران اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال9نومبر اٹھارہ سو ستتر کو پیدا ہوئے۔ وہ بیسویں صدی کے ایک معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ اردو اور فارسی میں شاعری کرتے تھے اور یہی ان کی بنیادی وجہ شہرت ہے۔ شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ انگریزی میں ایک نثری کتاب بھی تحریر کی۔

علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے۔بحیثیت سیاستدان ان کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے جو انہوں نے 1930ء میں الہ آباد میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کیا تھا۔ یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔ اسی وجہ سے علامہ اقبال کو پاکستان کا نظریاتی خالق سمجھا جاتا ہے۔ گو کہ انہوں نے اس نئے ملک کے قیام کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا لیکن انہیں پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت حاصل ہے۔