مٹھی بھر دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، محرم کے جلوسوں اورمجالس عزاکی سیکورٹی کے انتظامات میں ہرممکن اضافہ کردیا ، ڈبل سواری پر پابندی کے اقدام پرلوگوں کودشواری کا سامنا ہو سکتا ہے پیشگی معذرت خواہ ہیں ، سب کچھ لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہی کررہے ہیں ، کوئی محب وطن شخص دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرسکتا ،وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا میڈیا کانفرنس سے خطاب

جمعرات 22 نومبر 2012 21:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22نومبر۔2012ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کہا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ محمدشہبازشریف کی ہدایات پرمحرم الحرام کے جلوسوں اورمجالس عزاکی سیکورٹی کے انتظامات میں ہرممکن اضافہ کردیا ہے،حساس مقامات پر ناکہ بندی اورضرورت محسوس ہونے پر ڈبل سواری پر پابندی کے سخت گیراقدام کے باعث عوام کودشواری کا سامنا ہو سکتا ہے عوام سے پیشگی معذرت خواہ ہیں ،سیکورٹی کے یہ وسیع تراقدامات لوگوں کی جان ومال کے مکمل تحفظ کے لئے ہی اٹھائے جا رہے ہیں ۔

وہ جمعرات کویہاں سرکٹ ہاؤس میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ارکان صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک،خواجہ محمد اسلام،رانا محمد افضل خاں،ظفر اقبال ناگرا،خلیل طاہر سندھو،چوہدری شفیق گجر،رضا نصراللہ گھمن،ڈاکٹرخالد امتیاز بلوچ،ضلعی بیت المال کمیٹی کے چےئرمین چوہدری فقیر حسین ڈوگر،ڈویژنل کمشنر طاہر حسین،آر پی او آفتاب احمدچیمہ،ڈی سی او وحید اختر انصاری،سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں کی پر زورمذمت کی اورکہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔پاکستانی قوم ان مشکل حالات سے نمٹنے میں انشاء اللہ کامیاب اور سرخرو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک فرقے کے خلاف نہیں ہے یہ ہم سب کے خلاف ہے۔دہشت گردی کرنے والے عناصرتمام مسالک اورپوری قوم کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔

کوئی محب وطن شخص دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرسکتا ہم سب ان کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف لڑائی ہم سب کی لڑائی ہے اور انہیں کچلنے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعہ کے تناظر میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ میں محرم کے دوران سیکورٹی انتظامات کا ہر پہلو سے بغور جائزہ لے کر نئی حکمت عملی وضع کی ہے تاکہ ہر مجلس اورجلوس کو مکمل طور پر حفاظتی حصار میں رکھا جائے اور کسی مقام پر بھی تخریب کاروں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیابی کا موقع نہ ملے۔

صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ کوئی بھی فرد مرحلہ وار چار مقامات پر چیکنگ کے بعد کسی مجلس یا جلوس میں شامل ہوسکے گا ا س عمل میں کسی غفلت کی نشاندہی کرنے میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ کسی جگہ بھی حفاظتی اقدامات میں کمزوری یاخامی دیکھی جائے تواس کی فوری نشاندہی کریں تاکہ اسے بروقت دور کرکے کسی بھی نقصان اور حادثہ سے بچاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تمام سیکورٹی ایجنسیز پوری طرح متحرک ہیں اورمتعلقہ حکام محرم سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔میڈیا کے تعاون سے محرم الحرام کے ایام خیریت سے گزارنے میں انشاء اللہ کامیابی حاصل کی جائے گی۔میڈیا کانفرنس کے دوران سی پی اوفیصل آباد نے بھی سیکورٹی پلان کی کامیابی میں میڈیا کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آبادمیں محرم الحرام کے کل 426جلوس میں سے81اور 1308مجالس میں سے 910مجالس بخیر وخوبی پائیہ تکمیل کو پہنچ چکی ہیں جبکہ بقیہ جلوسوں ومجالس کی حفاظت کے لئے اضافی سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 10 محرم الحرام کوعزاداری کے مرکزی جلوس کے حفاظتی حصار کے لئے بھی خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔