وزیراعظم سے سردار سلیم حیدر کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے وفدکی ناشتے پر ملاقات ، پارٹی امور اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ،وزیراعظم نے فتح جنگ جلسہ کیلئے 22 دسمبر کی تاریخ دیدی

جمعرات 6 دسمبر 2012 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6دسمبر۔ 2012ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے وفد نے جمعرات کویہاں وزیراعظم ہاوٴس میں ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا ،وزیراعظم نے فتح جنگ جلسہ کیلئے 22 دسمبر کی تاریخ دیدی،این اے 59کیلئے میگاپراجیکٹس کا اعلان کیا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے دفاع اور پیپلزپارٹی ضلع اٹک کے صدر سردار سلیم حیدر نے بیس رکنی پارٹی عہدیداروں کے وفد کے ہمراہ پرویز اشرف سے ناشتے پر ملاقات کی ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں ضلع اٹک کے پارٹی امور اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیااور فیصلہ کیا گیا ہے کہ امیدواروں کا چناؤ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی مشاورت سے متفقہ طور پر کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کیلئے بائیس دسمبر بروز ہفتہ کی تاریخ طے کر دی جس میں وہ حلقہ این اے 59کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرینگے۔وزیراعظم فتح جنگ کے ہائی سکول گراؤنڈ میں جلسہ سے سہ پہر کے وقت خطاب کرینگے۔وزیراعظم نے وفد کے مطالبے پر کئی منصوبوں کی منظوری دی جس کا باقاعدہ اعلان اس جلسے میں کیا جائیگا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ الیکشن کا وقت قریب آ گیا ہے کارکن انتخابات کی تیاری شروع کر دیں ہر یونین کونسل اور دیہات میں بھٹو کا ویژن اور بے نظیر کا پیغام پہنچایا جائے، پیپلزپارٹی اپنے اتحادیوں کے ہمراہ آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی اور مفاہمت کی موجودہ پالیسی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قائدین نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بے بہا قربانیاں دی ہیں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے جان دے دی جبکہ آصف علی زرداری نے طویل عرصہ جیل کاٹی ۔وزیراعظم نے کہا کہ اٹک کے غیور عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے اور وہ آئندہ بھی بھٹو کی پارٹی کا ساتھ دیں گے۔پارٹی نے انہیں کچھ دیا نہیں لیکن اٹک کے بہادر عوام ہر مشکل میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ سردار سلیم حیدر کی قیادت میں ضلع اٹک میں پیپلزپارٹی روز بروز مضبوط ہو رہی ہے اور ہم آئندہ الیکشن میں اٹک کی تینوں نشستیں جیتیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سلیم حیدر نے این اے 59میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جو ان کی محنت اور کاوش کا منہ بولتا ثبوت ہیں پورے ملک میں کسی اور حلقے میں کسی ایم این اے نے اتنے ترقیاتی کام نہیں کرائے۔

این اے 59سے میں انہیں فتح کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں جلد پیپلزپارٹی اٹک کے بزرگ رہنما ڈاکٹر سکندر حیات سے بھی ملاقات کروں گا کیونکہ ان کی پارٹی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔وزیراعظم نے حلقہ پی پی 18کے گذشتہ ضمنی الیکشن میں مختلف دیہات کیلئے اعلان کردہ سوئی گیس کی سکیمیں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر نے فتح جنگ جلسہ کیلئے وقت دینے پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فتح جنگ راجہ پرویز اشرف کا دوسرا گھر ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ این اے 59میں جاری ترقیاتی سکیمیں مارچ تک مکمل کر لی جائیں گی اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم سے خصوصی معاونت طلب کی ۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اٹک کے عوام پیپلزپارٹی کا بازو ہیں اور آئندہ انتخابات جیت کر دیکھائیں گے ۔ق لیگ کے بارے میں پیپلزپارٹی جو بھی فیصلہ کریگی وہ قبول ہو گا ۔وفد کے اراکین میں عظمت بخاری،مظہر حسین بابر، اشعر حیات خان،اشتیاق خان،زبیر یوسف ،حاجی یونس، ظہیر خان،غفور مغل ، سجاد حیدر ایڈووکیٹ ، ملک ثمین ، راجہ افضال ، ملک ناصر ، ڈاکٹر نعیم ، آصف اجمل ، سردار شوکت اور قیصر چیمہ شامل تھے ۔