انتخابات شفاف ہونگے،پیپلز پارٹی کی فتح یقینی ہے،جعلی ووٹ نہیں رہے مخالفین اب کچھ اور سوچیں،انتخابات میں جھرلو نہیں پھرے گا،صدر زرداری جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ،جمہوریت کیلئے انہوں نے اپنا سب کچھ لٹا دیا ،پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو مزید نقصان سے بچایا ،مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کسی کارکن کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں ،ڈکٹیٹر کو صدر زرداری نے ملک سے باہر نکالا ،اکثریت نہ ہونے کے باوجود پانچ سال پورے کر رہے ہیں،جب حکومت سنبھالی تونہ آٹا تھا اور نہ خزانے میں کچھ تھا، اب ملک گندم میں خودکفیل ہے ،جتنے ترقیاتی کام پیپلز پارٹی نے کئے تاریخ میں مثال نہیں ملتی، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 8 دسمبر 2012 19:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8دسمبر۔ 2012ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف ہونگے،پیپلز پارٹی کی فتح یقینی ہے،جعلی ووٹ نہیں رہے مخالفین اب کچھ اور سوچیں،انتخابات میں جھرلو نہیں پھر سکے گا اور نہ ہی تحصیلدار اور پٹواری کام آئیں گے ،صدر آصف علی زرداری جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور انہوں نے جمہوریت کیلئے سب کچھ لٹا دیا ،پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو مزید نقصان سے بچایا ،مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کسی کارکن کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں ،ڈکٹیٹر کو صدر زرداری نے ملک سے باہر نکالا ،اکثریت نہ ہونے کے باوجود پانچ سال پورے کر رہے ہیں،جب حکومت سنبھالی تو ملک میں نہ آٹا تھا اور نہ ہی خزانے میں کچھ تھا اب ملک گندم میں خودکفیل ہے اور آٹا باہر بھیج رہے ہیں،جتنے ترقیاتی کام پیپلز پارٹی نے کئے تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کے اہم ترین شہر میں بھٹو اور زرداری خاندان کے چاہنے والوں سے مخاطب ہوا ہوں۔ا نہوں نے کہا کہ فیصل آباد والوں کی خدمت میں سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے مشکل وقت میں بھی پیپلز پارٹی کا پرچم بلند رکھا ۔انہوں نے کہا کہ جلسے میں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت پیپلزپارٹی کی محبت کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنی جماعت کے کسی کارکن کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا عہدہ کارکنوں ،مزدوروں اور کسانوں کی امانت ہے اور اس امانت کو بہتر طریقے سے حفاظت میں رکھوں گا ۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے بینظیر کے خون کی لاج رکھی اور جمہوریت کے پرچم کو تھامے رکھا اور جمہوریت کو مزید نقصان سے بچایا ۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملک آصف علی زرداری جیسا بڑا دل کسی اور کا نہیں ہے ،جب ہم نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ملک افراتفری کا شکار تھا ،آٹا باہر سے منگوایا جاتا تھا اور خزانہ خالی تھا ،اس وقت بڑی بڑی باتیں کرنے والے اس وقت کنگ تھے ۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ڈکٹیٹر کو اپنی حکمت عملی سے باہر نکالا ۔انہوں نے کہا کہ کتنی بڑی بات ہے کہ ایوان صدر میں بیٹھ کر صدر آصف علی زرداری نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سوچ رہے تھے کہ مشرف کیسے جائے گا اور یہ سب کچھ پیپلز پارٹی نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے پر راضی کیا ۔انہوں نے کہا کہ مشرف کہتے تھے کہ نواز شریف کو نہیں آنے دونگا ،بینظیر بھٹو شہید خود بھی آئیں اور نواز شریف کو وطن ساتھ لیکر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بات بڑے لوگ کرتے ہیں وزیراعظم کوئی نہیں بناتا ۔

انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت صدر زرداری کی فراست کی وجہ سے ہے اور اکثریت نہ ہونے کے باوجود پانچ سال پورے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات شفاف ہونگے کوئی جھرلو نہیں پھیر سکے گا اور نہ ہی تحصیلدار اور پٹواری کچھ کرسکے گا ،جعلی ووٹ ختم ہوگئے ہیں اور حکومت پیپلز پارٹی کی ہی بنے گی۔اصغر خان کیس کے فیصلے نے نقاب اتار دیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کے استحکام کی ضمانت پیپلز پارٹی دے گی مخالفین جتنا مرضی پراپیگنڈا کر لیں فتح پیپلز پارٹی کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد والوں کے تمام مطالبات پورے کرنے کی ہدایت کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ وعدے بہت کرتے ہیں لیکن عملدرآمد اس پر کوئی نہیں کرتا ۔