لاپتہ افراد لاپتہ نہیں امریکہ کے ہاتھوں تاوان کیلئے اغواء شدہ ہیں ، کاش لاپتہ افراد کے بیٹوں کے نام ارسلان ہوتے، سلالہ کے بعدحلالہ پھر ملالہ کا ڈرامہ اسٹیج ہوا ،بغیر بال کاٹے دماغ کی سرجری دنیا کا 8 واں عجوبہ ہے ،چیف جسٹس تو کب کے بحال ہوچکے، جسٹس اب تک بحال نہیں ہوسکا ،ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لاپتہ افراد کے لواحقین کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلی سے خطاب

پیر 10 دسمبر 2012 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10دسمبر۔ 2012ء) ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد لاپتہ نہیں وہ امریکہ کے ہاتھوں تاوان کیلئے اغواء شدہ ہیں ، کاش لاپتہ افراد کے بیٹوں کے نام بھی ارسلان ہوتے، سلالہ کے بعدحلالہ ہوا اور پھر ملالہ کا ڈرامہ اسٹیج ہوا ،بغیر بال کاٹے دماغ کی سرجری دنیا کا 8 واں عجوبہ ہے ،چیف جسٹس تو کب کے بحال ہوچکے، جسٹس اب تک بحال نہیں ہوسکا ۔

وہ پیر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لاپتہ افراد کے لواحقین کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ یہ لاپتہ افراد کے لواحقین نہیں بلکہ اغواء برائے تاوان کے وارثین ہیں ہمیں پتہ ہے کہ انہیں اٹھانے والے کون ہیں امریکہ سے تاوان لینے کیلئے انہیں اغواء کیا گیا ،365 دنوں میں ایک دن انسانی حقوق کا منانے والو اسلام 365دن انسانی حقوق کا درس دیتا ہے ،یہاں 364 دن ظلم کرتے ہیں اور ایک دن انسانی حقوق کا منا لیتے ہیں ،ارسلان افتخار کیلئے جو کوششیں ہوئیں کاش وہ ان افراد کیلئے بھی ہوتیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حساس نہیں بلکہ بے حس ایجنسیاں ہیں اور زر کیلئے زرداری صاحب ملالہ کے پاس گئے ہیں ۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ دنیا کا 8 واں عجوبہ سامنے آیا ہے کہ ملالہ کے سر کی سرجری ہوئی ہے اور بال بھی نہیں کاٹے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کی بحالی کیلئے نعرے لگاتے رہے چیف تو بحال ہوگیا مگر انصاف بحال نہیں ہوسکا ،امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے مگر ہم اس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،ملالہ کی بات کرنے والو تم سے سلالہ کا حساب بھی لیا جائے گا سلالہ حملے کے بعد کہہ رہے تھے کہ امریکہ کو طلاق دے دی مگر سلالہ کے بعد حلالہ ہوا اور پھر ملالہ کا ڈرامہ اسٹیج کیا گیا ۔

قبل ازیں ریلی سے آمنہ مسعود جنجوعہ اور دیگر نے خطاب کیا اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تشکیل کردہ کمیشن کو مسترد کر دیا ۔