خصوصی افراد کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، اگرچہ معذوروں کے مسائل بہت زیادہ ہیں ، انکے اہم مسائل کے حل کے لیے ہم سب کو خلوص سے کام کرنا چاہیے،گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کاتقریب سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2012 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اگرچہ معذوروں کے مسائل بہت زیادہ ہیں تاہم انکے اہم مسائل کے حل کے لیے ہم سب کو خلوص سے کام کرنا چاہیے۔وہ معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر انہوں نے پچاس لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا جبکہ خصوصی طلباء و طالبات کا وظیفہ پچاس روپے ماہانہ سے بڑھا کر تین سو روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ سرکاری محکموں میں معذور افراد کے کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے جبکہ انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کا ادارہ جو کہ اس وقت میٹرک تک تعلیم مہیا کر رہا ہے اسے کالج کا درجہ دینے پر غور کیا جائیگا، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ معذوروں کے مسائل حل کئے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ معذوروں کے ملازمتوں کے کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کریں ، سیکریٹری محکمہ سماجی بہبود نصیر احمد بلوچ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے خصوصی افراد کے مسائل پر روشنی ڈالی، اس سے قبل معذور طلباء و طالبات نے ٹیبلو، ملی نغمے اور خاکوں سمیت مختلف آئٹم پیش کئے۔