فیصل آباد میں بند گیس کی فراہمی ایک ہفتے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی،ہزاروں مزدوربیروزگار، صنعتکاروں کو اربوں کا نقصان، ایکسپورٹ آرڈر پورے نہ ہونے سے کنٹریکٹس بھی ختم ، غیرملکی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے سے گریزاں

ہفتہ 15 دسمبر 2012 14:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔15دسمبر 2012ء ) فیصل آباد میں8 دسمبرکو بند کی گئی گیس کی فراہمی ہفتہ کو ایک ہفتے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی۔ گیس کی بندش کے باعث ہزاروں مزدور گزشتہ ایک ہفتے سے بیروزگار بیٹھے ہیں۔جبکہ صنعتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ٹیکسٹائل اداروں کی مشینیں بندپڑی ہیں جس کی وجہ سے پیداواری ہدف پورا نہ ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایکسپورٹ آرڈر پورے نہ ہونے کی وجہ سے فیصل آباد شہر کے صنعتکاروں کے کنٹریکٹس بھی ختم ہورہے ہیں۔انہی وجوہات کی بنا پر غیرملکی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے سے گریز کررہی ہیں۔مقامی صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ ایک جانب حکومت صنعتی اور ملکی شرح پیداوار بڑھانے کی خواہش رکھتی ہے تو دوسری جانب فیصل آباد جیسے صنعتی شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، جہاں گزشتہ سات روز سے گیس سے محروم ہے۔گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔