انور سیف اللہ کا کرک اور کوہاٹ میں دو نجی بجلی گھر اور آئل ریفائنری قائم کرنے کا اعلان ، میرے جیتے جی کوئی مائی کا لعل آئل ریفائنری کو کرک سے کہیں اور منتقل نہیں کرسکتا، اگر حکومت نے قائم کرنے سے معذرت کی تو ، ذاتی سرمایہ کاری کرکے قائم کروں گا ، تیل ، گیس کے ذخائر کیصورت میں اللہ تعالیٰ نے کرک اور کوہاٹ کے عوام پر خصوصی کرم نوازی کی ہے، ملک کو دس فیصد گیس کرک دے رہا ہے جو آئندہ برس 35 فیصد تک پہنچ جائیگی،پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر انور سیف اللہ خان کاتقریب سے خطاب

جمعہ 21 دسمبر 2012 18:43

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21دسمبر۔ 2012ء) پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر انور سیف اللہ خان نے کرک اور کوہاٹ میں دو نجی بجلی گھر اور آئل ریفائنری قائم کرنے کا اعلان کردیا یہ اعلان انہوں نے جمعہ کے روز تخت نصرتی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسمیں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اعظم خان آفریدی، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لیاقت شباب ، وزیر اعظم کی مشیر اور شعبہ خواتین کی صوبائی صدر عاصمہ عالمگیر، ایم پی ایز شازیہ اورنگزیب ، نگہت اورکزئی اور مہر سلطانہ سمیت ہزاروں کارکنوں، عمائدین نے شرکت کی انہوں نے مزید کہا کہ میرے جیتے جی کوئی مائی کا لعل آئل ریفائنری کو کرک سے کہیں اور منتقل نہیں کرسکتا اگر حکومت نے قائم کرنے سے معذرت کی تو میں ذاتی سرمایہ کاری کرکے قائم کروں گا انہوں نے کہا کہ تیل ، گیس کے ذخائر کیصورت میں اللہ تعالیٰ نے کرک اور کوہاٹ کے عوام پر خصوصی کرم نوازی کی ہے اس وقت ملک کو دس فیصد گیس کرک دے رہا ہے جو آئندہ برس 35 فیصد تک پہنچ جائیگی انہوں نے کہا کہ دوبارہ حکومت قائم ہونے کی صورت میں سب سے پہلے جنوبی اضلاع سے پسماندگی کا لیبل اتار کر کارخانوں، سمال ڈیمز اور سڑکوں کیصورت میں سبز، معاشی انقلاب برپا کروں گا انہوں نے کہا کہ تیل، گیس پر پہلا حق پیداواری اضلاع کا ہے اور کرک کے ہر گھر کو گیس فراہمی کا خواب میں شرمندہ تعبیر کرونگا جبکہ ایم این اے عاصمہ عالمگیر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو(شہید) اقتدار کیلئے نہیں عوام کے حقوق کیلئے پاکستان آئی تھی اور انہوں نے ڈکٹیٹر مشرف سے قوم کو نجات دلا کر بھگانے پر مجبور کیا انہوں نے کہا کہ غربت، بیروزگاری اور عوام کی محرومیوں کا پیپلز پارٹی ازالہ کریگی پی پی پی نے الیکشن سے پہلے الیکشن جیت لیا ہے اور شخصیات کا پارٹی میں شامل ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ ملک میں آئندہ حکومت بھی پیپلز پارٹی کی قائم ہوگی اس موقع پر شازیہ اورنگزیب نے بھی خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف اور صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ میاں صاحب بوریا بستر باندھ کر سعودیہ چلے جائیں کیونکہ انور سیف اللہ نے آئندہ بھی پیپلز پارٹی کی حکمرانی یقینی بنالی ہے قبل ازیں انور سیف اللہ خان کا کرک پہنچنے پر جگہ جگہ جیالوں نے پرتپاک استقبال کیا۔