مسیحی برادری ملک کی تعمیر وترقی کے لئے یکساں کردار ادا کررہی ہے ،ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) اقلیتوں کی فلاح وبہبود پر پختہ یقین رکھتی ہے ،صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کا کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

پیر 24 دسمبر 2012 19:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24دسمبر۔ 2012ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملک کی تعمیر وترقی کے لئے یکساں کردار ادا کررہی ہے ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) اقلیتوں کی فلاح وبہبود پر پختہ یقین رکھتی ہے اورانہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔

وہ پی پی 70کے علاقہ نواباں والا کے چرچ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ڈاکٹر پروفیسر اجمل مسیح اور ڈاکٹر الطاف مسیح سمیت مسیحی برادری کے دیگر عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ مسیحی مسلم رابطے برقرار رکھنے سے باہمی اعتماد اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ ملتا ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہو کر ہم وطنوں میں پیار ومحبت اور ملی یگانگت کی فضا مستحکم ہوتی ہے‘خیر سگالی کے ان جذبات کی بدولت مجموعی قومی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جنہیں پائیدار بنیادوں پر برقرار رکھنے کے لئے شعوری کوششیں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کی طرف سے مسیحی بھائیوں کی آبادیوں کی تعمیر وترقی کے لئے وسیع ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں حلقہ پی پی 70کی مسیحی آبادیوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن میں سڑکوں وگلیوں کی تعمیر،نکاسی وفراہمی آب،قبرستانوں کی چار دیواریوں کی تعمیر اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔اس موقع پر مسیحی قائدین نے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کی طرف سے کرسمس تقریب میں خصوصی شرکت پر انکا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ انہوں نے مسیحی برادری کی بہبود اور ان کی آبادیوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں گہری دلچسپی لے کر ان کے دل جیت لئے۔