دنیا میں جس شرح سے مہنگائی بڑھی ہے پاکستان میں مہنگائی کی ایسی صورتحال نہیں‘ حکومت ملک میں مہنگائی میں قابو پانے اور امن و امان کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ کی سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 دسمبر 2012 15:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔27دسمبر 2012ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دنیا میں جس شرح سے مہنگائی بڑھی ہے پاکستان میں مہنگائی کی ایسی صورتحال نہیں‘ حکومت ملک میں مہنگائی میں قابو پانے اور امن و امان کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کی مفاہمت کے فلسفے کی وجہ سے ماحول میں نرمی ہے ، پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ملک کا ریونیو 1947ء سے 2008ء تک 11 ارب ڈالر تھا جوکہ اب پیپلزپارٹی کے 5 سالہ دور حکومت میں بڑھ کر 22ارب ڈالر ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے جلسے کرنے سے کچھ نہیں ہوتا ہم 45سال سے ایسا کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت امن چاہتی ہے اور امن کیلئے پیپلزپارٹی ٹیبل پر آکر کسی سے بھی مذاکراتی عمل کرنے کیلئے تیار ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ عناصر چاہتے ہیں کہ الیکشن ملتوی ہوجائیں یا مقررہ وقت نہ ہوں مگر پیپلزپارٹی کی حکومت انہیں یہ باور کرادینا چاہتی ہے کہ ہم انتخابات وقت پر کروائیں گے۔