ا ندرون سندھ خسرہ سے مزید 4 بچے جاں بحق، جاں بحق بچوں کی تعداد65 ہو گئی ، وفاقی وز یرخورشید شاہ کا انتظامیہ پر برہمی کا اظہار،علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی

جمعرات 27 دسمبر 2012 16:30

کشمور/سکھر/جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔27دسمبر 2012ء ) سندھ کے مختلف شہروں میں خسرہ کی وجہ سے جمعرات کو مزید 4 بچے جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد65 ہو گئی۔ وفاقی وز یرمذہبی امورخورشید شاہ نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اندرون سندھ مختلف شہروں صالح پٹ، سنگرار اور تھر میں ویکسینشن نہ ہونے پر خسرہ کی بیما ری تیزی سے پھیل رہی ہے۔

کشمور، سکھر اور جیکب آبادکے مختلف علاقوں میں سیکڑوں بچے خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہیں ،جمعرات کو جیکب آباد کی 3 سالہ سعیدہ ،تنگوانی میں 3 سالہ خادم ، 5 سالہ اسحاق اور ایک نامعلوم بچہ خسرہ کی بیماری سے جاں بحق ہوگئے۔جبکہ مجموعی طور پر اندرون سندھ 10 دنوں میں خسرہ سے جاں بحق ہونیوالے بچوں کی تعداد 62 ہوگئی ہے تاہم ابھی تک متاثرہ علاقوں میں طبی امداد اور ویکسینیشن کاکوئی سلسلہ نظر نہیں آرہا۔

(جاری ہے)

متاثرہ شہروں میں دوائیں نہ ہونے کے باعث متاثرہ بچے سکھر کے مختلف اسپتالوں میں لائے گئے۔ کشمور میں خسرہ کی وبا سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 13ہو گئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ خسرہ کی ویکسینیشن کے لیے سینتیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے بچوں کی اموات پر محکمہ صحت کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیہی علاقوں سے بچوں کو سکھر میں لانے اور علا ج معالجے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :