چیف جسٹس نے کراچی میں شاہ زیب کے قتل کا از خود نوٹس لے لیا،ایڈووکیٹ جنرل اور آئی جی سندھ 4 جنوری کو عدالت میں طلب

منگل 1 جنوری 2013 16:56

چیف جسٹس نے کراچی میں شاہ زیب کے قتل کا از خود نوٹس لے لیا،ایڈووکیٹ ..
{#EVENT_IMAGE_1#}اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کراچی میں نوجوان شاہ زیب کے قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اور آئی جی سندھ کو 4 جنوری کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کر لیا ۔منگل کو سپریم کورٹ کی طرف جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمدچودھری نے رجسٹرار آفس کی طرف سے دیئے گئے اخباری تراشوں پر ازخود نوٹس لیا ہے۔

اخباری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پولیس سیاسی دباوٴ کی وجہ سے اب تک20سالہ نوجوان شاہ زیب قتل کیس میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں کرسکی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہ زیب قتل کیس کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔سپریم کورٹ نے مزید کہا ہے کہ چند روز قبل کراچی پریس کلب کے باہر ہونے احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں چیف جسٹس سے شاہ زیب قتل کیس پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شاہ زیب خان کو ایک ہفتہ قبل معمولی تنازعے پر بااثر افراد نے ڈیفنس میں قتل کردیا تھا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردیا اور 4 جنوری کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ،چیف جسٹس نے پولیس سے شاہ زیب کے قتل کی رپورٹ بھی طلب کر لی ۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ کیا شاہ زیب کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے عدم اندارج اور ملزم کی عدم گرفتاری کی وجہ بتائی جائے۔