پی آئی اے کو گزشتہ دس سالوں میں 141 ارب روپے کا نقصان ہوا‘ کرپشن اور بدعنوانی کے پانچ مقدمات میں ادارے کو2 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا‘ ملوث افسران کو نوکریوں سے برطرف کرکے تحقیقات جاری ہیں، رواں سال 9نئے جہاز فضائی بیڑے میں شامل اور بوئنگ 747 کی پروازیں بند کردی جائیں گی، وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر خان کا سینٹ میں اظہار خیال، حج آپریشن 2012ء سے پی آئی اے کو ہونے والے 401 ملین روپے کے نقصان پر اراکین کا شدید احتجاج، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لا نے کا مطالبہ

منگل 22 جنوری 2013 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 22جنوری 2013ء) ایوان بالا کو بتایا گیا کہ قومی ایئرلائن کو گزشتہ دس سالوں میں 141 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا‘ کرپشن اور بدعنوانی کے پانچ مقدمات میں ادارے کو دو ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا‘ ملوث افسران کو نوکریوں سے برطرف کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں، رواں سال9 نئے جہاز فضائی بیڑے میں شامل اور بوئنگ 747 کی پروازیں بند کردی جائیں گی۔

(جاری ہے)

منگل کو سینٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پی آئی اے کی جانب سے ایوان کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے اکاؤنٹس آڈٹ کئے تھے جن میں بدعنوانی اور کرپشن کے پانچ مقدمات سے ادارے کو دو ارب سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر خان نے ایوان کو بتایا کہ ان مقدمات میں ملوث افسران کو نوکریوں سے برطرف کردیا گیا تمام تفصیلات کمیٹی کو پیش کردی جائیں گی پی آئی اے کے ڈپٹی ایم ڈی محم دسلیم کو 46.218 ملین روپے کی بلا جواز ادائیگی کی گئی تھی جس پر ان کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا پی آئی اے کو گزشتہ دس سالوں میں تقریباً 141 ارب روپے کا نقصان ہو اہے تاہم گزشتہ پانچ ماہ کے درمیان اقدامات کی وجہ سے آپریشنل فائدہ دیکھنے میں آیا ہے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے بتایا کہ اپریل 2013ء تک چار نئے جہاز اور رواں سال کے آخر تک مزید پانچ نئے جہاز منگوائے جائیں گے بوئنگ 747 جہازوں کی پرواز بند کردی جائے گی حکومت کو بزنس پلان منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا ہے حج آپریشن 2012ء سے پی آئی اے کو ہونے والے 401 ملین روپے کے نقصان پر اراکین نے شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے وزیر مملکت نے بتایا کہ حج آپریشن وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر انجام دیا جاتا ہے ایک لاکھ آٹھ ہزار پانچ سو روپے فی کس کرایہ مختص کیا گیا تھا جسے وزارت مذہبی امور نے مسترد کرکے 82 ہزار روپے فی کس کرایہ مقرر کیا اس دوران ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی ہوا جس کے باعث پی آئی اے کو حج آپریشن 2012ء میں 401ملین روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔