نجکاری کمیشن کو اختیارات دیے جائیں بصورت دیگراسے ختم کردیاجائے،اتصالات سمیت متعدد خریدار نجکاری کمیشن کے اربوں ڈالر کے نادہندہ ہیں، وفاقی وزیر نجکاری جام محمد یوسف کاانٹرویو

منگل 22 جنوری 2013 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22جنوری۔2013ء) وفاقی وزیر نجکاری جام محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت یا تو نجکاری کمیشن کو اختیارات دے یا پھر اس کو ختم کردے، اتصالات سمیت متعدد خریدار نجکاری کمیشن کے اربوں ڈالر کے نادہندہ ہیں لیکن ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ منگل کو”آئی این پی“ کودیئے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزارت نجکاری ایک بے اختیار وزارت ہے جس کے اندر کوئی کام نہیں ہورہا جبکہ نجکاری کمیشن بھی مکمل طور پر بے اختیار ہے اگر حکومت نجکاری کمیشن کو اختیارات نہیں دینا چاہتی تو پھر اس کو ختم کیوں نہیں کردیتی اختیارات نہیں دیئے جاتے تو بہتر ہے کہ نجکاری کمیشن کو ختم کردیا جائے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دبئی کی کمپنی اتصالات ٹیلی کام نے 80کروڑ ڈالر دیئے ہیں جو کہ گزشتہ پانچ چھ سال سے انکار کرتی چلی آرہی ہے لیکن نجکاری کمیشن نہ تو پی ٹی سی ایل کو واپس لے سکتا ہے اور نہ ہی اتصالات سے مذکورہ رقم وصول کرسکتا ہے وزیر نجکاری نے کہا کہ صرف اتصالات ہی نہیں بلکہ دوسری خریدار کمپنیاں بھی اربوں ڈالر کی نادہندہ ہیں جنہوں نے قومی ادارے نجکاری کے دوران خریدے لیکن بحیثیت وزیر کسی نادہندہ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا نجکاری کمیشن کا کام صرف وزارت خزانہ اور وزیراعظم سیکرٹری کو بتانا ہے کہ کس نے کتنی رقم ادا کرنی ہے اور کب سے ادا نہیں کررہا۔