میاں برادران پنجاب سے مخلص ہوتے تو 27 کلومیٹر پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے پورے صوبے پرخرچ کرتے،سوئس حکام کے جواب کے بعد لوگوں کے منہ بندہوجانے چاہیے،مسلم لیگ (ق) کے صدرچوہدری شجاعت حسین کی میڈیاسے گفتگو، جن لوگوں نے سوئس کیس پر ملک و قوم کا پیسہ ضائع کیا ہے اْن سے حساب لینا چاہیے،جہانگیربدر

اتوار 10 فروری 2013 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10فروری۔ 2013ء) مسلم لیگ (ق) کے صدرچوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر میاں برادران پنجاب سے مخلص ہوتے تو 27 کلومیٹر پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے پورے صوبے پرخرچ کرتے ،سوئس حکام کے جواب کے بعد لوگوں کے منہ بندہوجانے چاہیے ۔ وہ اتوارکو یہاں پیپلزپارٹی کے رہنما میاں مصبح الرحمن کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صدر زرداری لاہور میں موجود تھے میاں برادران کو چاہئے تھا کہ وہ میٹروبس سروس کے موقع پر اْن کو دعوت دیتے۔انہوں نے کہا کہ سوئس حکام کے جواب کے بعد لوگوں کے منہ بندہوجانے چاہیے کیونکہ انہوں نے بھی کہا ہے کہ صدر کو استثنیٰ حاصل ہے۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما جہانگیر بدر نے کہا کہ جن لوگوں نے سوئس کیس پر ملک و قوم کا پیسہ ضائع کیا ہے اْن سے حساب لینا چاہیے ،صدر زرادری ایک سمجھدار سیاست دان ہے جو عملی باتیں کرتے ہیں