صوبے میں امن و امان کی بحالی، ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں،صدر آصف علی زرداری کی بلوچستان کے گورنر ذوالفقار علی مگسی کو ہدایت

پیر 18 فروری 2013 22:07

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18فروری۔2013ء) صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے گورنر ذوالفقار علی مگسی کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی خاص طور پر ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں، گورنر راج لگائے جانے کے باوجود صوبے میں شرپسندوں کی سرگرمیاں افسوسناک ہیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو گورنر بلوچستان سے ٹیلی فون پر بات چیت کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق صدر نے صوبے بالخصوص کوئٹہ کی صورتحال پر اپنی تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ صدر نے گورنر سے کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس ضمن میں وفاق کی طرف سے صوبے کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ گورنرنے صوبے کی صورتحال کے بارے میں صدر کو آگاہ کرتے ہوئے ان اقدامات کے بارے میں بتایا جو دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے کئے جارہے ہیں۔