Live Updates

دانش سکولوں کا ڈھنڈورا پیٹنے والے نام نہاد خادم اعلیٰ شہباز شریف کو صوبہ بھرکے پرائمری سکولوں کی حالت زار بھی نظر آنی چاہیے،وزیر اعلیٰ کو اپناہوش نہیں تو وہ عوام کا کیا خیال رکھیں گے، حضرو میں لیگی اراکین اسمبلی جوئے کے اڈوں اور منشیات فروشوں کی سرپرستی کررہے ہیں ،وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر خان کا بڑے جلسہ سے خطاب

اتوار 24 فروری 2013 20:56

حضر و(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24فروری۔2013ء) وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ دانش سکولوں کا ڈھنڈورا پیٹنے والے نام نہاد خادم اعلیٰ شہباز شریف کو صوبہ بھر بالخصوص چھچھ اٹک کے پرائمری سکولوں کی حالت زار بھی نظر آنی چاہئے جہاں نہ ٹیچرز ہیں اور نہ ہی ٹاٹ اور دیگر سہولیات ، مگر نفسیاتی مریض ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ کو اپنی ہوش نہیں تو وہ عوام کا کیا خیال رکھیں گے، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور سابق ضلع ناظم اٹک میجر(ر) طاہر صادق کے مضبوط ترین حلقہ این اے 59سے عوام نے انہیں دھتکار کر مجھ جیسے ایک جیالے کو فتح نصیب کی ، تحصیل حضرو میں لیگی اراکین اسمبلی جوئے کے اڈوں اور منشیات فروشوں کی سرپرستی کررہے ہیں جس وجہ سے بچے اور نوجوان تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم این اے شیخ آفتاب اور ایم پی اے کرنل(ر) شجاع خانزادہ پر چھچھ کے عوام کا عدم اعتماد عوام کا زبردست اور درست فیصلہ ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ تحصیل حضرو کے عوام روایتی اور موروثی سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں، وہ اتوار کو پی پی پی ضلع اٹک کے سینئر نائب صدر حاجی آصف اجمل اعوان کی طرف سے حمید میں منعقدہ بہت بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، صدارت مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر و سینیٹر ملک حاکمین خان نے کی،چیئرمین چھچھ پریس کلب نثار علی خان، ضلعی جنرل سیکرٹری پی پی پی سید عظمت بخاری، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مظہر حسین بابر، سیکرٹری اطلاعات ملک ریاض، امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نعیم اعوان، امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 16اشتیاق خان آف سرکہ، صدر پی پی پی تحصیل حسن ابدال اشعر حیات خان، ملک احمد نواز، صدر تحصیل حضرو نصیر جدون، سینئر نائب صدر جنت گل سمیت ضلع بھر سے عہدیداران وکارکنان اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پنجاب میں بیڈ گورننس کی مثال نہیں جس وجہ سے آمدہ الیکشن میں عوام مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو غازی بروتھا نہر میں بہا دیں گے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اٹک قلعہ میں قید رہنے سے تاحال نفسیاتی مریض ہیں، سردار سلیم حیدر نے کہا کہ چھچھ مسلم لیگ(ن) کا قلعہ نہیں رہا جس کا ثبوت تحصیل حضرو کے غیور عوام کا وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دورہ چھچھ کے موقع پر جلسہ میں شرکت نہ کرکے وزیر اعلیٰ اور مقامی اراکین اسمبلی پر عدم اعتماد کرنا ہے، کروڑوں روپے کے فنڈز سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کی تعمیر میں ریکارڈ کرپشن اور مریضوں کیلئے ادویات و سہولیات کی عدم فراہمی شہباز شریف کے منہ پر طمانچہ ہے،انہوں نے کہا کہ قیادت نے اجازت دی تو حلقہ این اے 57سے بھی الیکشن لڑوں گا، موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی نے چھچھ کے عوام میں تفریق پیدا کی جس وجہ سے 60فیصد آبادی کو سوئی گیس سے محروم رکھا گیا ، یقین دلاتا ہوں موضع حمید کی باقی آبادی کو جلد سوئی گیس فراہم کر دی جائے گی جس کا آغاز مسجد سے کریں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات