پنجاب میں رنگیلا راج ہے ، صوبہ کے رنگیلے نے جنوبی پنجاب کے اربوں کے فنڈز سستی روٹی، دانش سکولوں اور میٹرو بسوں کی نذر کردئیے، بھٹو کے جانشین نے امریکہ کا دباؤلئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ کیا، یہ ایٹمی تجربے سے بڑاکارنامہ ہے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے ملک میں توانائی کا بحران ختم ہوجائیگا،پیپلزپارٹی کے رہنما اورپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد کا شمولیتی تقریب سے خطا ب

بدھ 27 فروری 2013 19:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27فروری۔2013ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اورپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ رنگیلا راج ہے ، رنگیلے کو جو خواب رات کو آتا صبح اٹھ کر اسی پر کام شروع کردیتا، اسی رنگیلے نے جنوبی پنجاب کے اربوں کے فنڈز سستی روٹی، دانش سکولوں اور میٹرو بسوں کی نظر کردئیے، ذوالفقار علی بھٹو نے جب ایٹم بم بنانے کی بنیاد رکھی تو اس وقت ان پر بہت زیادہ پریشر تھا آج گوادر پورٹ چین کے حوالے کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے نہ کرنے کیلئے موجودہ حکومت پر ایٹم بم سے زیادہ پریشر ڈالا مگر بھٹو کے جانشین نے امریکہ کا پریشر لئے بغیر دونوں معاہدے کرکلے ایٹم بم سے زیادہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے ملک میں توانائی کا بحران ختم ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز یہاں سردار ملوک کے (ن) لیگ چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اب آباد ہوگا۔ بلوچستان سمیت پاکستان بھر کے نوجوانوں کیلئے لاکھوں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان کو راہداری کی شکل میں اربوں روپے وصول ہوں گے اور پاک ایران گیس منصوبے سے ہماری انڈسٹری چلے گی اور توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک چھوڑ کر جدہ بھاگ جانے والے یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ پی پی کی حکومت یہ عظیم کارنامہ سرانجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں تھی بلکہ رنگیلا راج تھا۔ رنگیلے کو جو خواب رات کو آتا صبح اٹھ کر اسی پر کام شروع کردیئا۔ اسی رنگیلے نے جنوبی پنجاب کے اربوں کے فنڈز سستی روٹی، دانش سکولوں اور میٹرو بسوں کی نظر کردئیے۔

گذشتہ پانچ سالہ دور پنجاب کی تاریخ کا سیاہ اور ناکام ترین دور تھا۔ انہوں نے فنکشنل لیگ اور دوسری جماعتوں کے مسلم لیگ (ن) کیساتھ اتحاد کو ٹٹو اتحاد کا نام دیتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل یہی لوگ آصف زرداری کے گیت گاتے تھے اب ان کے گیت گارہے ہیں جلد ان کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔ فیصل آباد ہائیکورٹ بنچ کے قیام بارے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے رنگیلے نے فیصل آباد کے وکلاء کو لولی پاپ دیا ہے۔ فیصل آباد کے وکلاء اس کے چکر میں نہ آئیں۔ وزیراعلی پنجاب پر لاہور کے وکلاء کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ وہ فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ نہیں دے گا۔ اس میں وزیراعلی اور صوبائی وزیر قانون خود رکاوٹ ہیں۔