پیپلز پارٹی بر سر اقتدار آ کر صوبہ ہزارہ بنائے گی ، بابا حیدر زمان کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ کر کے الیکشن لڑیں گے ، کامیاب ہو کر صوبہ ہزارہ بنائیں گے، صو بائی وزیر آبپا شی سید احمد حسین شا ہ کاحویلیاں جھنگڑا سمال ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے اور سرائے صالح میں آبپاشی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

پیر 4 مارچ 2013 20:40

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4مارچ۔2013ء) صو بائی وزیر آبپا شی سید احمد حسین شا ہ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی بر سر اقتدار آ کر صوبہ ہزارہ بنائے گی ہم قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹکر کے الیکشن لڑیں گے اور انشاء اللہ کامیاب ہو کر صوبہ ہزارہ بنائیں گے ۔ وہ پیر کوحویلیاں کے قریب جھنگڑا کے مقام پر 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جھنگڑا سمال ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے اور سرائے صالح کے مقام پر 50 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کئے جانے والے آبپاشی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سمال ڈیم کے منصوبے پر 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ دو سالوں میں مکمل ہو گا اس کی عمر کم از کم 36 سال ہو گی اور اس سے 1800 ایکڑ اراضی سیراب ہو گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے صوبائی وزیر مال شجاع سالم خان ،سیکریٹری ایریگیشن خالد پرویز ،پاکستان پیپلز پارٹی کے ہری پور اور ایبٹ آبادکے ضلعی صدور اور تحصیل عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔سید احمد حسین شاہ نے کہا کہ ہم صوبہ ہزارہ بنائیں گے جس کے لئے وسائل کی بھی اشد ضرورت ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے موجودہ دور اقتدار میں علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت جھنگڑا ڈیم سمیت ہزارہ کے مختلف علاقوں میں 7 مزید چھوٹے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے جن میں گدوالیاں ڈیم ،اچھڑ نالہ ڈیم، مانسہرہ ڈیم، اور سرن کے دائیں کنارے پر ایک بڑا ڈیم شامل ہیں۔سید احمد حسین شاہ نے کہا کہ ان ڈیموں کی تعمیر سے ہزارہ ڈویژن کے عوام کی سماجی ،اقتصادی اور معاشی زندگیوں میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میگا پراجیکٹ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا طرہ امتیاز ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے بحثییت وزیر صنعت و تجارت ہزارہ ڈویژن میں پانچ انڈسٹریل زون قائم کئے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت کو یہ اعزاز ملا ہے کہ اس نے ایریگیشن کے شعبے میں 7 چھوٹے ڈیموں کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ سید احمد حسین شا ہ نے کہا کہ اس وقت محکمہ آبپاشی کے توسط سے ہزارہ ڈویژن میں 2 ارب روپے کے دیگر اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے پارٹی کے بانی سربراہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اس ملک کے عوام کو اپنے حقوق حاصل کرنے اور ظالم اور جابر کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہم انہی کے نقش قدم پر چل کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ مزکورہ ڈیم والے علاقے کے مکینوں کو ایک بڑی سڑک سمیت دیگر انفرا سٹکچر اور زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈیم سے لاکھوں افراد کو زرعی کفالت ملے گی اور وہ معاشی طور پر مضبوط ہوں گے اور جن لوگوں کی زمین ڈیم کے لئے حاصل کی گئی ہے انہیں خاطر خوا معاوضہ دیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال شجاع سالم خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بے شمار منصوبے شروع کئے گئے ہم نے موجودہ دور میں بجلی کی پیداوار کے لئے 50 ارب روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں اٹھارویں ترمیم منظور کر کے صوبوں کو خود مختار ی دی گئی ہے جس کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا میں علیحدہ آئل اور گیس کمپنی بنائی گئی ہے جو تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں پر کام کر ے گی جس سے ہمیں ان شعبوں میں خود کفالت ملے گی۔