سابق صدر پرویز مشرف اور چیئرمین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجد علی وڑائچ کے سیاسی اتحاد کے بعد سیاسی شخصیات نے پاکستان نیشنل مسلم لیگ سے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا،سابق چیف سیکرٹری پنجاب وسابق چیئرمین سی بی آر حفیظ الله اسحاق نے پاکستان نیشنل مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا

منگل 19 مارچ 2013 16:58

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 19مارچ 2013ء) سابق صدر پرویز مشرف اور چیئرمین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجد علی وڑائچ کے سیاسی اتحاد کے بعد سیاسی شخصیات نے پاکستان نیشنل مسلم لیگ سے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا۔ دونوں رہنماؤں کے سیاسی اتحاد کو عوامی حلقوں میں پذیرائی ملنی شروع ہوگئی جسکی واضح مثال سابق چیف سیکرٹری پنجاب وسابق چیئرمین سی بی آر حفیظ الله اسحاق نے باضابطہ طور پر پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے چیئرمین چوہدری امجد علی وڑائچ سے ملاقات کرکے پارٹی میں اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

اس موقع پر سابق چیف سیکرٹری حفیظ الله اسحاق نے پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے چیئرمین اور پارٹی پالیسوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں نیشنل مسلم لیگ ریکارڈ کامیابی حاصل کریگی‘ تاہم چیئرمین امجد وڑائچ نے انہیں این اے 93 ۔

(جاری ہے)

ٹوبہ سے الیکشن لڑنے کا گرین سگنل دے دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ حلقہ میں کامیاب ہوکر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

یاد رہے کہ سابق چیف سیکرٹری ملک کے کئی بڑے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ ریٹائر ہونے کے بعد سماجی وسیاسی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے چلے آرہے ہیں۔ عوامی خدمات کے پیش نظر انہیں ہر حلقہ میں انتہائی قدر سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ انتہائی ایماندار‘ خوش اخلاق اور عوامی خدمت کے عظیم پیکر ہیں اور وہ این اے 93سے ریکارڈ کامیابی حاصل کرنے کی تمام صلاحیتیں رکھتے ہیں۔