پنجاب کے 5 ڈویژنوں میں ہائیکورٹ بنچ بناؤ تحریک میں شدت ، پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق بنچوں کے قیام کیلئے 2 اپریل تک کام شروع نہ کیا گیا توسپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، وکلاء کی دھمکی

جمعہ 29 مارچ 2013 21:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29مارچ۔2013ء) پنجاب کے 5 ڈویژنوں میں ہائیکورٹ بنچ بناؤ تحریک میں مزید شدت آگئی ہے اور وکلاء نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق صوبے کی پانچ ڈویژن میں ہائیکورٹ کے بنچوں کیلئے 2 اپریل تک کام شروع نہ کیا تو 3 اپریل سے سپریم کورٹ کے سامنے پانچوں زونز کے وکلاء دھرنا دیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 5 ڈویژنوں میں ہائیکورٹ بنچ بناؤ تحریک میں مزید شدت آگئی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، ساہیوال ، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی کے وکلاء نے مشترکہ طور پرفیصلہ کیا ہے کہ اگر 2 اپریل تک ان ڈویژنوں میں ہائیکورٹ کے بنچوں نے کام شروع نہ کیا تو 3 اپریل سے سپریم کورٹ کا گھیراؤ کریں گے اور غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دیں گے ، وکلاء نے کہا کہ ہمارا احتجاج اپنے جائز حقوق کے لئے ہے اور پرامن ہے اگرہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ایسا کرنے سے والے خود ذمہ دار ہونگے اس موقع پر کنوینئر ہائیکورٹ بنچ بناؤ تحریک شیخ سلطان نے کہا کہ تمام تاجرتنظیمیں اورسول سوسائٹی وکلاء کے ساتھ ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔