گھوٹکی، خاتون سے زیادتی کرنے اور اس کے بھانجے کو زندہ جلانیوالے ملزموں کے گھر مشتعل افراد نے جلادیئے

اتوار 31 مارچ 2013 16:33

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31مارچ۔ 2013ء)گھوٹکی میں خاتون سے زیادتی کرنے اور اس کے بھانجے کو زندہ جلانیوالے ملزموں کے گھر مشتعل افراد نے جلادیئے۔گھوٹکی کے علاقے خان پورمہرمیں گذشتہ روزپیش آنیوالے واقعے پر مینگواڑبرادری میں اشتعال پھیل گیا۔ مشتعل افراد نے چار گرفتار ملزموں سنیل ، کرشن ، وکرم اور انیل کے گھروں کو آگ لگادی اور مشینری کے ذریعے مکانات گرانے شروع کردیئے۔

پولیس صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان سنیل عرف بکڑ اور کرشن نے کچھ روز پہلے ایک ہندو خاتون کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کا مقدمہ خان پور مہر تھانے میں درج کرایا گیا۔ ملزموں نے مقدمہ واپس لینے کے لئے دباو ڈالا لیکن ناکامی پر گذشتہ روز ساتھیوں کی مدد سے متاثرہ خاتون کے نوجوان بھانجے گیان چند کو اغوا کرلیا ، ملزموں نے پٹرول چھڑک کر گیان چند کو آگ لگادی جس نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ صدر زرداری کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے پر پولیس نے چار ملزموں سنیل ، کرشن ، وکرم اور انیل کو گرفتار کرلیا ہے۔