مسلم لیگ (ق)پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین کی سرپرستی میں فیصل آباد میں انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز، پنجاب کے فنڈز ایک ضلع پر لگا کر 7 کروڑ عوام کی توہین کی گئی ،چودھری ظہیر الدین

پیر 1 اپریل 2013 22:45

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1اپریل۔ 2013ء) مسلم لیگ (ق)پنجاب کے جنرل سیکرٹری این اے 77 اور پی پی 55 سے امید وار چوہدری ظہیر الدین خاں کی سرپرستی میں فیصل آباد میں انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے ، گزشتہ روز ستیانہ اور کھرڑیانوالہ میں انہوں نے اپنے پہلے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے فنڈز ایک ضلع پر لگا کر 7 کروڑ عوام کی توہین کرنے والے کس خدمت اور کارگردگی کی بات کرتے ہیں ؟ تھانوں میں مظلوموں اور ہسپتالوں میں مریضوں نے 5 سال دھکے کھائے اب پیسے اور پراپیگنڈا کے زور پر رائے عامہ ہائی جیک کرنے کی کوئی واردات کامیاب نہیں ہو گی مسلم لیگ نے خوشحال پنجاب جبکہ خادم حکومت نے ورثہ میں مہنگائی کا عذاب چھوڑا ، عوام چرب زبان لیڈروں کی باتوں میں آنے کی بجائے کارکردگی کا موازنہ کریں، چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں عوام کا جان ومال محفوظ تھا اور آج کی نسبت مہنگائی 100 فیصد کم تھی ، آج عوامی مشکلات 200 فیصد زائد ہیں، انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پر خرچ ہونے والے 70 ارب سے پورے پنجاب میں 37 سو کلومیٹر عالمی معیار کی جدید کارپیٹیڈسڑکیں تعمیر ہوسکتی تھیں مسلم لیگ پنجاب کے دور حکومت میں پورے پنجاب میں 37 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہوئیں جو ایک ریکارڈ ہے ، انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران اپنے اور شہباز دور حکومت کی کارکردگی کا تفصیل کے ساتھ موازنہ پیش کریں گے، ستیانہ اور کھرڑیانوالہ کے معروف سیاسی و سماجی خاندانوں اور شخصیات نے چوہدری ظہیر الدین خاں کی حمایت کا اعلان کیا ۔