فیصل آباد،بجلی چوری پکڑنے والے لائن مین کو اغواء کرنے کے بعدفائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا

ہفتہ 13 اپریل 2013 23:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13اپریل۔ 2013ء) بجلی چوری پکڑنے والے لائن مین کو اغواء کرنے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ مقتول کے بھائی نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ ہم نے پولیس کو اطلاع دی تھی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ورثاء نے لاش سمیت ہسپتال کے باہر احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ذرائع کے مطابق فیسکو کے لائن مین نے مبینہ طور پر عامر جیلہ اور بھولا نامی زمینداروں کے گھر بجلی کی چوری پکڑی تھی، جس کے بعد فیسکو کے لائن مین کواغواء کرلیا گیا تھا ، ہفتہ کے روز فیسکو کے لائن مین کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر سڑک پر پھینک دیا گیا۔

بعدازاں مقامی لوگوں نے زخمی لائن مین کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے ورثاء اور بھائی نے الائیڈ ہسپتال کے باہر لاش سمیت احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ ہم نے پولیس کو اطلاع دی تھی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔