سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی جامعہ رضویہ کے احاطہ میں والد کے پہلو میں تدفین، نماز جنازہ میں چوہدری شجاعت حسین ، شہریار خان ، مفتی منیب الرحمن ، ثروت اعجاز قادری سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور ہزاروں شہریوں کی شرکت

منگل 16 اپریل 2013 20:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16اپریل۔ 2013ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم جو گزشتہ روز جگر کے کینسر کے عارضہ کے باعث مقامی ہسپتال میں وفات پاگئے تھے کو منگل کو جامعہ رضویہ کے احاطہ میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا، قبل ازیں مرحوم کی نماز جنازہ فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، ممبر رابطہ کمیٹی شہریار خان ، مفتی منیب الرحمن ، ثروت اعجاز قادری سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی نماز جنازہ کے دوران موجود تھی اس موقع پر انتہائی المناک مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔ صاحبزادہ فضل کریم کے عقیدت مند اس موقع پر زار و قطار رو رہے تھے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی کی تدفین جھنگ بازار کے احاطے میں موجود جامعہ رضویہ مسجد میں کی گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صاحبزادہ فضل کریم الائیڈ ہسپتال میں 59برس کی عمر میں جگر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کرگئے تھے ۔ صاحبزادہ فضل کریم کی میت ہسپتال سے منگل کی صبح گھر منتقل کی گئی تو اس موقع پر بھی المناک مناظر دیکھنے میں آئے۔