اقتدار سے زیادہ ملکی مفاد عزیز ہے، 11 مئی کامیابی کا دن ہے، نواز شریف، ہم نے صرف کرکٹ نہیں کھیلی، پاکستان کیلئے کچھ کرکے دکھایا ہے، پاکستان کی خدمت بھی کی،ہمیں ایسا پاکستان چاہئے جو ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہو، آئندہ کی حکومت کیلئے تیاری کرلی، ن لیگ کے قائد کا جڑانوالہ میں‌جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 27 اپریل 2013 19:01

فیصل آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اپریل۔2013ء) مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے اقتدار سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے، ہمیں ایسا پاکستان چاہئے جو ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہو، آئندہ کی حکومت کیلئے تیاری کرلی، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ اور نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضے فراہم کریں گے، شکاری چھپ چھپ کر شکار کرنے آتا ہے، اللہ تعالیٰ نے شیر کی کامیابی کا دن 11 مئی لکھ دیا ہے۔

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آج کا جلسہ نوجوانوں کا ہے، جڑانوالہ کے عوام کا جذبہ دیکھ کرخوشی ہورہی ہے، یہ جذبہ ہمیشہ جیتنے والوں کا ہوتا ہے، شکاری چھپ چھپ کر شکار کرنے آتا ہے، اللہ تعالیٰ نے شیر کی کامیابی کا دن 11 مئی لکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ مئی میں پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا، ایٹمی دھماکے نہ کرنے کیلئے رقم کی پیشکش کی گئی، امریکی صدر سے کہا پاکستانی قوم غیور اور خود دار قوم ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ 11 مئی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے والی ہے، ہم نے آئندہ کی حکومت کیلئے تیاری کرلی، اقتدار میں آکر جڑانوالہ کو ضلع بنادیں گے، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے، ہنر مند نوجوانوں کو لاکھوں روپے کے قرضے دیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرسکیں، ہم نے صرف کرکٹ نہیں کھیلی، پاکستان کیلئے کچھ کرکے دکھایا ہے، پاکستان کی خدمت بھی کی، گزشتہ 5 سال کے دوران پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہوا۔ سربراہ ن لیگ کہتے ہیں کہ اگر ہماری حکومت کا تختہ نہ الٹا ہوتا تو ملک میں یہ بدحالی نہ ہوتی، ہمیں ایسا پاکستان چاہئے جو ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہو، مجھے اقتدار سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔