Live Updates

تیر وفاؤں کا نشان،ملک کی پہچان اور ترقی کا نگہبان ہے ‘11 مئی کو قوم اس نشان پر مہریں لگا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کر دے ‘شہباز شریف نے پنجاب کا حلیہ بگاڑ دیا ‘عوام سیاسی شعبدہ بازوں اورسرکس کے مداریوں کو ہمیشہ کیلئے مسترد کر دیں‘سکھر پیپلز پارٹی کا ہے اور ہمیشہ رہے گا ، آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی کا سکھر میں بڑے انتخابی اجتماع سے خطاب

پیر 6 مئی 2013 15:33

سکھر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 6مئی 2013ء ) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ تیر وفاوں کا نشان،ملک کی پہچان اور ترقی کا نگہبان ہے اس لئے 11 مئی کو قوم اس نشان پر مہریں لگا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کر دے ،شہباز شریف نے پنجاب کا حلیہ بگاڑ دیا ان سے ملک بالخصوص سندھ کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ،عوام سیاسی شعبدہ بازوں اورسرکس کے مداریوں کو ہمیشہ کیلیے مسترد کر دیں ۔

سکھر پیپلز پارٹی کا ہے اور ہمیشہ رہے گا ،سید خورشید شاہ کی صورت میں عوام کا ہمدرداور غم گسار،سرکس کے شیر دم دبا کر بھاگیں گے اور جیالے جیتیں گے ۔ وہ گزشتہ روز یہاں ایک بڑے انتخابی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی پی پی کے امیدوار قومی اسمبلی سینئر رہنماء سید خورشید شاہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بازل نقوی نے کہاکہ شہید بھٹو کا نظریہ کراچی تا کشمیر عوام کے دلوں میں بستاہے اسے نہ کوئی پہلے عوام کے ذہنوں سے نکال سکا ہے اور نہ ہی آئندہ نکالا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ملک کیلیے انتہائی اہم ہیں اور سندھ کے عوام نے اس حوالے سے انتہائی ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنا ہے کیونکہ آپ پر بڑی ذمہ داری ہے کہ آپ نے ان مکار لوگوں کی باتوں میں نہیں آنا جو آپ کو جھانسا دیکر آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کوئی شریف بردران سے پوچھے کہ آپ نے پنجاب کو دیوالیہ کر دیا اب سندھ کا بھی وہی حال کرنا چاہتے ہیں ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف بردران کا حال یہ ہے کہ انہوں نے دھوکہ بازی اور منافقت کی انتہا کی اور جن لوگوں سے ٹکٹوں کے وعدے کئے انکو بعد میں جھنڈی دکھا دی ۔انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں جیت ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کی ہو گی تیر کی ہو گی اور بے نظیر کی ہو گی ۔اس موقع پر جیالوں نے جئے بھٹو اور جئے بے نظیر کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ وزیر اطلاعات نے بلاول بھٹو زرداری ،فریال تالپور اور سید خورشید شاہ کے حق میں خصوصی نعرے لگوائے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات