لاہور: پلازہ کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، عمارت سے گر کر 5 افراد جاں بحق

جمعرات 9 مئی 2013 19:36

لاہور: پلازہ کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، عمارت سے گر کر 5 افراد جاں بحق
{#EVENT_IMAGE_1#}لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مئی۔2013ء) لاہورمیں ایجرٹن روڈ پر ایل ڈی اے پلازہ میں لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، آتشزدگی کے دوران 5 افراد ساتویں منزل سے کود گئے، جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، آرمی کے ہیلی کاپٹرز اور اسنارکل امدادی کاموں میں مصروف ہیں،آگ اور دھوئیں میں لپٹی عمارت کے اندر پھنسے افراد کی تعداد کا کچھ پتہ نہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایجرٹن روڈ پر واقع ایل ڈی اے پلازہ کی ساتویں منزل پر دوپہر 12 بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اوپر کی 2منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کی وجہ سے درجنوں افراد عمارت میں پھنس گئے، انہوں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے اور کھڑکیوں اور چھت پر کھڑے ہو کر مدد کیلئے پکارتے رہے، دھواں بھر جانے اور آگ کے شعلوں کی وجہ سے ان کی حالت غیر ہو گئی، کئی گھنٹے تک چیخ و پکار اور بے بسی کے بعد بھی کوئی مدد کو نہ آیا تو آگ میں پھنسے افرادیکے بعد دیگرے کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے پر مجبور ہوگئے، ساتویں منزل کی کھڑکیوں میں کھڑے متعدد افرادکو چھت پر موجود لوگوں نے رسیوں کی مدد سے اوپر کھینچا، اس دوران ایل ڈی اے پلازہ کا ملازم اقبال رسی چھوٹ جانے کے باعث نیچے آگرا، اسے شدید زخمی حالت میں گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی درجن بھر گاڑیاں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن نہ تو آگ بجھائی جا سکی ہے اور نہ ہی اندرپھنسے تمام افراد کو نکالا جاسکا ہے، اسنار کل کی مدد سے بھی لوگوں کو نکالنے میں خاطر خواہ کامیابی نہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ابھی کچھ معلوم نہیں کہ کتنے لوگ عمارت میں موجود ہیں، آگ میں پھنسے افراد کے رشتے دار بے بسی کے عالم میں اپنے پیاروں کو دیکھ دیکھ کرروتے رہے، ایک کیبل کے دفترکا عملہ بھی عمارت میں پھنس گیا، آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے چھت پر موجود متعدد افراد کو ریسکیو کیا۔

متعلقہ عنوان :