سکھر اور اس کی گرد نواح کے مختلف علاقوں میں گیسٹرو کی وباء پھوٹ پڑی، لاتعداد بچے علاج کیلئے ہسپتال داخل

جمعہ 31 مئی 2013 23:58

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31مئی۔2013ء)سکھر اور اس کی گرد نواح کے مختلف علاقوں میں گیسٹرو کی وباء پھوٹ پڑی، لاتعداد بچے علاج کے لئے اسپتال داخل ، تفصیلات کے مطابق سکھر اور اس کے گرد نواح کے دیہی و شہری علاقوں روہڑی ،صالح پٹ ، پنو عاقل ، باگڑجی و دیگر علاقوں میں گندا پانی پینے کے باعث بچوں اور بڑوں میں گیسٹرو کی وباء پھوٹ پڑی گیسٹرو اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا بچوں شہباز ، بوہری ، منیر ، مہروز ، آسیہ ، کوثر ، نشاء ، مٹھل ، شہادہ ، انوکھی ، زندل ، نغمہ ، اللہ وائی ، جاوید ، مظفر ، فرید ، عرفان ، عالم ، ابدال، و دیگر کو مقامی اسپتال علاج کے لئے داخل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے گیسٹرو کے مرض میں اضافے کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گیسٹرو کی بیماری گندہ پانی پینے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو پانی ابال کر پلائے تاکہ ان کو گندے پانی کے باعث پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں سے بچایا جا سکے۔