سندھ بار کونسل کا قائد اعظم کی ریذیڈنسی پر دہشت گرد حملے اورسانحہ کوئٹہ کیخلاف(کل ) سندھ میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

اتوار 16 جون 2013 20:57

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جون۔ 2013ء) سندھ بار کونسل نے زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی کو تباہ کرنے اور دہشت گرد حملوں کے خلاف (کل ) پیر کو سندھ بھر میں عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔اتوار کوسندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد عاقل نے ہائی کورٹ بار سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائداعظم ریزیڈنسی اور کوئٹہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے(کل ) پیر کو سندھ بھر میں عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

محمد عاقل نے کہاکہ سپریم کورٹ نے عوام کی داد رسی کی لیکن ہائی کورٹ اور لوئر کورٹ تک اس کے ثمرات نہیں پہنچ پائے، اگر شوکت ترین اور زاہد حامد جیسے لوگوں کو ایڈوائیزر رکھا جائے گا تو جمہوریت کے لیے قربانی دینے والوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور رول آف لا کی مکمل بالادستی تک تحریک جاری رہے گی۔اس موقع پر کراچی بار کے صدر محمود الحسن نے کہا کہ ہائی کورٹ اور لوئر کورٹس میں کچھ ججز کرپشن میں ملوث ہیں، سندھ بار کونسل ان کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔