وزیر اعلی شہباز شریف کے رمضان پیکج کے تحت ضلع میں سستا آٹا کے 11 لاکھ 88 ہزار 320 تھیلے فروخت کیلئے سپلائی کئے جائیں گے ‘ 10 کلو گرام وزن کے 6 لاکھ 90 ہزار 480 ‘ 20 کلو گرام کے 4 لاکھ 97 ہزار 840 آٹا کے تھیلے شامل ہیں‘ سستا آٹا کی فروخت (کل)ضلع کے 25 رمضان بازاروں میں شروع ہو جائے گی ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان الله کا بریفنگ سے خطا ب

ہفتہ 6 جولائی 2013 20:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6جولائی۔ 2013ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان الله نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے رمضان پیکج کے تحت ضلع میں سستا آٹا کے 11 لاکھ 88 ہزار 320 تھیلے فروخت کے لئے سپلائی کئے جائیں گے جن میں 10 کلو گرام وزن کے 6 لاکھ 90 ہزار 480 اور 20 کلو گرام کے 4 لاکھ 97 ہزار 840 آٹا کے تھیلے شامل ہیں ۔ سستا آٹا کی فروخت کل اتوار 7 جولائی کو ضلع کے 25 رمضان بازاروں میں شروع ہو جائے گی ۔

وہ ہفتہ کو یہاں ایک بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام وزنی آٹا کے تھیلے فروخت کئے جائیں گے جن کی رعایتی قیمت 315 روپے فی تھیلہ مقرر کی گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو گرام وزنی آٹے کے تھیلوں کی فروخت سوموار 8 جولائی سے شروع ہو جائے گی جو رعایتی نرخوں 670 روپے فی تھیلہ کے حساب فروخت ہونگے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایف سی نے بتایا کہ ماہ صیام کے دوران ضلع کے ہر رمضان بازار میں سستا آٹا کے 10 کلو گرام وزنی 23 ہزار 16 تھیلے روزانہ سپلائی کئے جائیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں پہلے دس روز بیس کلو گرام وزنی آٹا کے 30 ہزار 72 تھیلے فراہم کریں گے جبکہ باقی ایام میں 12 ہزار 320 تھیلے روزانہ سپلائی ہونگے ۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں سستا آٹا کی سیل صبح آٹھ بجے شروع ہو جایا کرے گی جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

ڈی ایف سی نے بتایا کہ سستا آٹا کی فراہمی کے لئے ضلع کی چالیس فلور ملز کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جنہیں محکمہ خوراک کی طرف سے گندم کا کوٹہ ایک روز ایڈوانس سپلائی جاری کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ رمضان پیکج کے تحت سستا آٹا کی تقسیم کے لئے ڈی سی او نجم احمد شاہ کی ہدایت پر نگران کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے ۔