حکومت قومی بجٹ کے موقع پر آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہو گئی ،عالمی قوتوں نے آئی ایم ایف کے ذریعے معاشی بحران پیدا کر کے پاکستان کو سیاسی بحران کی طرف دھکیل دیا ، عوام کا احساس شدت اختیار کر رہاہے کہ جاگیردار، سرمایہ دار ، پاور پالیٹکس کے رسیا اور ریاست کے تمام ستون غریب عوام کے خلاف متحد ہو گئے ،بجلی اور تیل کا بحران قومی معیشت کے لیے کینسر بنادیا گیا، گزشتہ 65 سال سے جاری معاشی پالیسی جاری رکھی گئی تو خود انحصاری نہیں ملک میں غربت ، بے روزگاری ، بدامنی اور جرائم کا سیلاب آئے گا ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کاتقریب سے خطاب

ہفتہ 13 جولائی 2013 22:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13جولائی۔ 2013ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عالمی قوتوں نے آئی ایم ایف کے ذریعے معاشی بحران پیدا کر کے پاکستان کو سیاسی بحران کی طرف دھکیل دیاہے، نوازشریف حکومت قومی بجٹ کے موقع پر آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہو گئی ہے ، عوام کا احساس شدت اختیار کر رہاہے کہ جاگیردار، سرمایہ دار ، پاور پالیٹکس کے رسیا اور ریاست کے تمام ستون غریب عوام کے خلاف متحد ہو گئے ہیں ، بجلی اور تیل کا بحران قومی معیشت کے لیے کینسر بنادیا گیاہے ۔

گزشتہ 65 سال سے جاری معاشی پالیسی جاری رکھی گئی تو خود انحصاری نہیں ملک میں غربت ، بے روزگاری ، بدامنی اور جرائم کا سیلاب آئے گا، ملک کی تاجر برادری ، صنعت کار اور زراعت پیشہ عوام قلیل مدت میں حکومت سے مکمل مایوسی کے راستے پر چل پڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے احساس نہ کیا تو ملک بغاوت اور انارکی کا شکار ہو جائے گا۔وہ ہفتہ کوفیصل آباد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم نے بھتہ خوری ، دہشتگردی ، ٹارگٹ کلنگ اور ناجائز فروشی کا جو راج قائم کیاتھا اسی کلچر کو پی پی پی ، اے این پی نے بھی اختیار کیا ، آج جرائم پیشہ مافیا بن گئے ہیں ۔رینجرز ، پولیس اور حساس خفیہ ادارے کرپشن کی وجہ سے مافیا کے سامنے مفلوج ہیں یا ان کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور ناجائز دولت ، ناجائز ہیرے جواہرات ، جائیدادوں کے لیے وہ اپنی حکومت کے سامنے جوابدہ ہیں لیکن کراچی میں یہ احساس ندامت شدت سے پیدا ہورہاہے کہ مہاجر ازم ، حقوق کے حصول کے لیے کراچی کے عوام سے کتنا بڑا دھوکہ ہوتارہا ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی ہی حالات کو سدھار سکتی ہے اور کراچی کے امن کا مستقبل جماعت اسلامی کے ساتھ ہی وابستہ ہے ۔اس موقع پر سید احسان اللہ وقاص ، عبدالحفیظ احمد ، احمد سلمان بلوچ ، ذوالفقار بھٹی ، ملک محمد دین ، غلام عباس ، ڈاکٹر رفیق مجاہد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔