بجلی اور گیس چوروں کو نشان عبرت بنا دیں گے،لوڈ شیڈنگ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، نجی شعبے کے منصوبے کی تکمیل سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی، پانی سے بجلی بنانے کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، چند ماہ میں لوڈشیڈنگ میں بڑی حد تک کمی ہوجائے گی، چین میں ہونے والے معاہدوں سے سستی بجلی مل سکے گی، چیئرمین واپڈا کو ہٹانے کی منظوری دیدی ، یہی لوگ بجلی بحران کے ذمہ دار ہیں، ملک تیزی سے آگے بڑھے گا، آئندہ چند برسوں میں لاکھوں میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے، بجلی کی طلب و رسد کے موجودہ فرق کو ختم کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ، ملکی وسائل سے بجلی پیدا کریں گے، بھارت سے بجلی کی در آمد بھی زیر غور ہے، ملکی ترقی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ،پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کار وں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے، وزیراعظم نواز شریف کا منگلا میں نجی شعبے کے پہلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب،میڈیاسے گفتگو۔ تفصیلی خبر

پیر 15 جولائی 2013 22:33

منگلا/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جولائی۔ 2013ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس چوری سب سے بڑی لعنت ہے، ایسا کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے،لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، نجی شعبے کے منصوبے کی تکمیل سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی، کوشش ہے کہ پانی سے بجلی بنانے کے منصوبے شروع کئے جائیں، آئندہ چند ماہ میں لوڈشیڈنگ میں بڑی حد تک کمی ہوجائے گی، چین میں ہونے والے معاہدوں سے زیادہ اور سستی بجلی مل سکے گی، چیئرمین واپڈا کو ہٹانے کی منظوری دیدی ہے ، یہی لوگ بجلی بحران کے ذمہ دار ہیں، ملک تیزی سے آگے بڑھے گا اور آئندہ چند برسوں میں لاکھوں میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے، بجلی کی طلب و رسد کے موجودہ فرق کو ختم کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ، ملکی وسائل سے بجلی پیدا کریں گے، بھارت سے بجلی کی در آمد بھی زیر غور ہے، ملکی ترقی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں جو غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ان کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو نجی شعبے کے پہلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ 215 ملین ڈالر کے اس منصوبے سے 84 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ۔ تقریب میں صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب میں چین ،کوریا، ملائیشیاء، آسٹریا سمیت کئی ممالک کے سفراء بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سر مایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے خوشی کا مقام ہے کہ میں نجی شعبے میں ہیڈرل پاور کا پہلا منصوبہ مکمل ہوا ہے اور یہ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 84 میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہو نے سے صورتحال بہتر ہو گی ہمیں احساس ہے کہ عوام طویل لوڈ شیڈنگ سے مشکلات کا شکار ہیں ۔حکومت سنبھالتے ہی اپنی اولین ترجیح میں توانائی کے مسئلے کو شامل کیا۔ سرکلر ڈیٹ کا بڑا حصہ ادا ہو چکا ہے باقی ماندہ بھی ادا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قلیل المدتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ دورہ چین کے دوران چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ توانائی کے شعبے میں متعدد ایم اوز پر دستخط کیے تھے۔

سولر ونڈ اور کوئلہ جیسے متبادل ذرائع پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو غیر ملکی سر مایہ کار جو پاکستان میں آکر دیگر شعبوں میں سر مایہ کاری کرنا چاہتے ہیں وہ پاکستان آئیں انہیں مکمل تحفظ دیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین واپڈا کو ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔ ایسے ہی لوگ لوڈ شیڈنگ کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک تیزی سے آگے بڑھے گا اور چند برسوں میں لاکھوں میگا واٹ بجلی پیدا کریں گے اور اس کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، نجی کمپنی کے منصوبے کی تکمیل پر خوشی ہے، منصوبے کی تکمیل سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی، بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے گردشی قرضہ ختم کردیا گیا، زیرگردش قرضوں کی بڑی رقم ادا کردی باقی بھی جلد ادا کردی جائے گی۔

نندی پور پاور پراجیکٹ جلد مکمل کیا جائے گا، آئندہ 25 سال میں لاکھوں میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے۔ ہم صرف موجودہ بحران نہیں بلکہ طویل مدتی منصوبے بنارہے ہیں، ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے، عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں۔فیصل آباد میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری سب سے بڑی لعنت ہے اور ایسا کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔

بجلی اور گیس کی زیادہ چوری محکموں کی ملی بھگت سے ہوتی ہے، لائن لاسز، بجلی چوری اور بو سیدہ لائینز بحران کا بڑا سبب ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ گیس کی چوری بند ہو جائے تو صنعتوں کی ضروریات کو پوراکیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے بحران کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے، بجلی کا مسئلہ جلد حل نہیں کیا جا سکتا،حکومت نئے پاور پلانٹ لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ شغرگوادرر ہد اری سے ملکی تقدیر بدل جائے گی۔أ