سکھر میں حساس ادارے کے دفتر کے سامنے 4 دھماکے، 4 افراد جاں بحق ، 40 زخمی ، بیراج کالونی میں افطار کے کچھ ہی دیر بعد ڈی آئی ہاؤس، کمشنر ہاؤس اور آئی ایس آئی کے دفاتر پر مشتمل کمپاؤنڈ میں یکے بعد دیگرے چار بم دھماکے ہوئے

بدھ 24 جولائی 2013 21:51

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2013ء) بیراج کالونی میں حساس ادارے کے دفتر کے سامنے یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔سکھر کے علاقے بیراج کالونی میں افطار کے کچھ ہی دیر بعد ڈی آئی ہاؤس، کمشنر ہاؤس اور آئی ایس آئی کے دفاتر پر مشتمل کمپاؤنڈ میں یکے بعد دیگرے چار بم دھماکے ہوئے، دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی جبکہ علاقے میں دھوئیں کے گہرے چھا گئے،جس کے بعد شدید فائرنگ بھی ہوئی ہے۔

دھماکوں سے ڈی آئی جی ہاؤس اور قریب کی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں جبکہ آئی ایس آئی کے دفتر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال پہنچانا شروع کردیا ہے جہاں ابتدائی طور پر 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سکھر جاوید اوڈھو کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا ہدف آئی ایس آئی کا دفتر تھا، دھماکوں کی نوعیت اور شدت کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا جاسکتا تاہم پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 سے 8 دہشت گرد اب بھی حساس ادارے کی عمارت میں موجود ہیں اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے ان کے خلاف بڑا آپریشن کرنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :