سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی مشیر محمد خان جونیجو کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا،چیف سیکرٹری سندھ،گورنر سندھ اور محمد خان جونیجو کو نوٹس جاری ،جواب طلب کرلیا

جمعرات 25 جولائی 2013 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25جولائی۔2013ء) سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی مشیر محمد خان جونیجو کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ،گورنر سندھ اور محمد خان جونیجو کو 13اگست کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جمعرات کو صوبائی مشیر محمد خان جونیجو کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس غلام سرور کورائی اور جسٹس ندیم اختر پر مشتمل بینچ نے کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار مسلم لیگ فنگشنل کے رہنماء میر خان کھوسو کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ محمد خان جونیجو کو سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیا تھا وہ آئین کے آرٹیکل62اور 63پر پورا نہیں اترتے۔ان کے مطابق ایک جعلی ڈگری والے شخص کو مشیر کے طور پر تعینات نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے محمد خان جونیجو کی بطور مشیر تعیناتی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئے گورنر سندھ،چیف سیکرٹری سندھ اور محمد خان جونیجو کو13 اگست کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔