وزیراعظم میاں نواز شریف بھارت سے پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دفاعی بجٹ کم کرکے تعلیم صحت اور ترقیاتی کاموں کا بجٹ بڑھایا جاسکے آپ اس بارے میں کیا سوچتے ہیں ؟،58فیصد کی حمایت ، 23فیصد شدید مخالفت ،16فیصد کی نہ حمایت نہ مخالفت اور 3فیصد لوگوں کی خاموشی ، اگر پاکستان اور بھارت کے مابین سرکریک ، کشمیر اور سیاچن کا مسئلہ حل نہ ہوتو نواز شریف کو پرامن تعلقات بھارت سے رکھنے چاہیں یا نہیں ؟ 39فیصد عوام کی مخالفت ،38 فیصد عوام کی حمایت ،23فیصد عوام کی خاموشی

پیر 29 جولائی 2013 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جولائی۔2013ء) پاکستان کے عوام کی اکثریت نے وزیراعظم نوازشریف کی بھارت سے پر امن تعلقات قائم کرکے دفاعی بجٹ میں کمی لا کر تعلیم،صحت اور ترقیاتی بجٹ بڑھانے کی سوچ کی حمایت جبکہ سرکریک ، کشمیر اور سیاچن کے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں بھارت سے تعلقات نہ رکھنے کی حمایت کر دی ۔بھارت سے بہتر تعلقات کشمیر ، سرکریک اور سیاچن جیسے سنگین مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کی سوچ جاننے کیلئے گیلپ کی طرف سے کیے گئے سروے میں چاروں صوبوں سے 21سو سے زائد افراد سے دو سوالات پر رائے لی گئی ۔

پیر کوجاری گیلپ سروے کے مطابق عوام سے پہلا سوال پوچھا گیا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف بھارت سے پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دفاعی بجٹ کم کرکے تعلیم صحت اور ترقیاتی کاموں کا بجٹ بڑھایا جاسکے آپ اس بارے میں کیا سوچتے ہیں تو 58فیصد عوام نے رائے دیتے ہوئے اس فیصلے کی حمایت کی ، 23فیصد لوگوں نے اس کی شدید مخالفت کی جبکہ 16فیصد رائے کنندگان نے نہ ہی حمایت کی نہ ہی مخالفت اور 3فیصد لوگوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

سروے کے مطابق عوام سے پوچھے گئے دوسرا سوال کہ اگر پاکستان اور بھارت کے مابین سرکریک ، کشمیر اور سیاچن کا مسئلہ حل نہ ہوتو وزیراعظم میاں نواز شریف کو پرامن تعلقات بھارت سے رکھنے چاہیں یا نہیں تو اس کے جواب میں عوام نے رائے دیتے ہوئے شدید مخالفت کی ، 39فیصد عوام نے مخالفت میں، 38 فیصد عوام نے حمایت میں جبکہ 23فیصد عوام نے کوئی جواب نہیں دیا ۔