پاکستان نے تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے بھارت کوجامع مذاکرات کی تاریخ تجویز کردی ،یہ تاریخیں جامع مذاکرات کے 8نکات میں سے 2نکات کیلئے دی گئیں، ایک وولر بیراج اور دوسرا سرکریک سے متعلقہ ہے، بھارت نے ان مجوزہ تاریخوں کا کوئی جواب نہیں دیا، پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات بحال ہو گئے ہیں، 6 ماہ میں ورکنگ گروپس کی ملاقات ہوگی ،جان کیری کے دورہ پاکستان سے تعلقات درست سمت لانے میں مدد ملی، ڈرون حملوں بارے پاکستان کا موقف امریکہ پر واضح کیا گیا ، ڈرون حملوں میں دہشتگردوں کے ساتھ معصوم شہری جان سے گئے، امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں، اس لیے عافیہ صدیقی کا معاملہ نہیں اٹھایا، امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں، پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا،دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعہ 2 اگست 2013 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2اگست۔ 2013ء) پاکستان نے جامع مذاکرات کی بحالی کے لئے بھارت کو تاریخیں تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخیں جامع مذاکرات کے 8نکات میں سے 2نکات کیلئے دی گئی ہیں، ان میں سے ایک وولر بیراج اور دوسرا سرکریک سے متعلقہ ہے، ابھی تک بھارت نے ان مجوزہ تاریخوں کا کوئی جواب نہیں دیا، پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات بحال ہو گئے ہیں، 6 ماہ میں ورکنگ گروپس کی ملاقات ہوگی جس کے بعد وزرائے خارجہ کی سطح کے مذاکرات ہونگے،جان کیری کے دورہ پاکستان سے تعلقات درست سمت لانے میں مدد ملی، ڈرون حملوں بارے پاکستان کا موقف امریکہ پر واضح کیا گیا ، ڈرون حملوں میں دہشتگردوں کے ساتھ معصوم شہری بھی جان سے گئے، امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں، اس لیے عافیہ صدیقی کا معاملہ نہیں اٹھایا، امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں، پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو ڈپلومیسی شروع کر دی ہے اور توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومعمول پر لانے میں مدد ملے گی۔ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تاریخیں جامع مذاکرات کے 8نکات میں سے 2نکات کیلئے دی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک وولر بیراج اور دوسرا سرکریک سے متعلقہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ابھی تک بھارت نے ان مجوزہ تاریخوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے جامع مذاکرات کی بحالی کے لئے اپنی تاریخیں دیئے جانے اور ان پر بات کرنے کی توقع ہے۔ترجما ن نے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو ڈپلومیسی شروع کر دی ہے اور توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومعمول پر لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان سے تعلقات درست سمت لانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات بحال ہو گئے ہیں، 6 ماہ میں ورکنگ گروپس کی ملاقات ہو گی جس کے بعد وزرائے خارجہ کی سطح کے مذاکرات ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈرون حملوں بارے پاکستان کا موقف امریکہ پر واضح کیا گیا ہے۔

ڈرون حملوں میں دہشتگردوں کے ساتھ معصوم شہری بھی جان سے گئے۔ امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں، اس لیے عافیہ صدیقی کا معاملہ نہیں اٹھایا، امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ بھاشا ڈیم منصوبے کیلیے امریکہ نے پہلے ہی 200 ملین ڈالر امداد کا وعدہ کیا ہے۔ جان کیری کے ساتھ پاک ایران گیس پائپ کا معاملہ اٹھایا تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ پانی اور سرکریک کے معاملے پر مذاکرات کیلئے بھارت کو تاریخیں تجویز کی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا۔ سرحد پار سے پاکستان پر بھی حملے کیے جاتے ہیں، سرحد پر ہونیوالی دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے اقدامات کرنا ہونگے، پاکستان کسی دہشتگرد کو اپنی سرزمین پر برداشت نہیں کرے گا۔