سکھر ،گذشتہ سالوں کے بارش متاثرین کو امدادی رقم نہ مل سکی ، سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ بارش متاثرین کو مالی امدادکا ایک اور وعدہ ،ایک سال سے حکومتی امداد کے منتظر بارش متاثرین میں شدید احساس محرومی ،حالیہ بارش متاثرین کی طرح گذشتہ سالوں کے بارش متاثرین کی بھی مالی امداد کی جائے ، بارش متاثرین کا حکومت سے مطالبہ

پیر 5 اگست 2013 20:22

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5اگست۔ 2013ء) گذشتہ سالوں کے بارش متاثرین کو امدادی رقم نہیں مل سکی ، سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ بارش متاثرین کو مالی امدادکا ایک اور وعدہ ، گذشتہ ایک سال سے حکومتی امداد کے منتظر بارش متاثرین میں احساس محرومی پیدا ہوگئی ،حالیہ بارش متاثرین کی طرح گذشتہ سالوں کے بارش متاثرین کی بھی مالی امداد کی جائے ، بارش متاثرین کا سندھ حکومت سے مطالبہ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک سال قبل سندھ میں ہونی والی تباہ کن بارشوں کے باعث سندھ بھر کے دیگر علاقوں کی طرح سکھر میں تباہ کن بارشوں کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا سابق منتخب نمائندگان اور حکومت کی جانب سے سندھ سمیت سکھر میں بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے ایک مکمل سروے کیا گیا اور آئے روز بارش متاثرین کو فوری مالی امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی مگر ایک سال گذرنے کے باوجودسندھ حکومت کی جانب سے سکھر اور اسکے گرد نواح کے بارش متاثرین کونا تو کوئی امداد ی رقم فراہم کی گئی اور نا ہی بارش متاثرین سے خیر و عافیت معلوم کی جا سکی جس کی وجہ سے سکھر اور اسکے گرد نواح کے بارش متاثرین گذشتہ ایک سال سے مشکلات سے دوچار زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اب سندھ میں ہونی والی تباہ کن بارش نے گذشتہ ایک سال کے مقابلے میں مزید تباہ کاریاں مچائی ہوئی ہیں اور سندھ کے دیگر اضلاع سمیت سکھر ضلع بھی ان بارشوں کی زد سے نہیں بچ سکا سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ بارش متاثرین کیلئے امداد ی رقم کا اعلان کیا جا رہا ہے جو گذشتہ بارش متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے برابر ہے سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ بارش متاثرین کی امداد کے اعلان کے بعد گذشتہ بارش متاثرین میں سخت مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان میں احساس محرومی پیدا ہو رہی ہے سکھر کے بارش متاثرین نے سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ بارش متاثرین کی طرح گذشتہ ایک سال سے حکومتی امداد کے منتظر سکھر اور اسکے گرد نواح کے بارش متاثرین کی فوری مالی امداد کی جائے تاکہ ان میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :