Live Updates

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی قیادت امریکہ اور بھارت نواز قوتوں کی سازشوں سے خود کو بچائے، دہشت گردی کے خلاف اس نام نہاد جنگ کا حصہ نہ بنے ، تحریک طالبان کی (ن) لیگ سمیت سنجیدہ سیاسی قوتوں سے مذاکرات کی خواہش کو سبوتاژ کرنے کیلئے مولانا ولی الرحمن پر ڈرون حملہ کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کو اے این پی کا انجام یاد رکھنا چاہئے، جیلوں میں تحریک طالبان کے سزائے موت کے قیدیوں کی سزاؤں پر عمل درآمد کیا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے، تحریک طالبان پنجاب کے امیر مولانا عصمت الله معاویہ کا میڈیا کو جاری بیان \\

منگل 13 اگست 2013 19:25

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13اگست۔2013ء) تحریک طالبان پنجاب نے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی قیادت سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور بھارت نواز قوتوں کی سازشوں سے خود کو بچائیں اور دہشت گردی کے خلاف اس نام نہاد جنگ کا حصہ نہ بنیں ، تحریک طالبان کی (ن) لیگ سمیت سنجیدہ سیاسی قوتوں سے مذاکرات کی خواہش کو سبوتاژ کرنے کیلئے مولانا ولی الرحمن پر ڈرون حملہ کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کو اے این پی کا انجام یاد رکھنا چاہئے، حکومت نے جیلوں میں تحریک طالبان کے سزائے موت کے قیدیوں کی سزاؤں پر عمل درآمد کیا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔

تحریک طالبان پنجاب کے امیر مولانا عصمت الله معاویہ کی طرف سے میڈیا کو بھجوائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان نے دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں مسلم لیگ (ن) کو الجھانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم نے اب تک احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا لیکن اس کے باوجود پنجاب کی جیلوں میں سزائے موت پانے والے ہمارے ساتھیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جارہے ہیں کالعدم تحریک طالبان پنجاب کے امیر نے کہا کہ اگر ہمارے کسی ساتھی کو سزائے موت دی گئی تو اس کے خطرناک نتائج ہونگے۔

(جاری ہے)

عصمت الله معاویہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ (ن) لیگ کو اے این پی کا انجام یاد رکھنا چاہئے جن قوتوں نے اے این پی کو استعمال کیا وہ اس کو تنہا چھوڑ چکی ہیں اور آج اے این پی سے تعزیت کرنے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سنجیدہ سیاسی قوتوں سے مذاکرات کی خواہش کو سبوتاژ کرنے کیلئے مولانا ولی الرحمن پر ڈرون حملہ کیا گیا جو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا تاکہ امن کیلئے مذاکرات کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان کے گرفتار قیدیوں کو سزائے موت کا مطلب مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کو بھی خونی دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہوگا۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ اس معاملہ پر سنجیدگی دکھائیں اور ملک و قوم کو اشتعال انگیزی سے بچائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمران بھارت سے تو بات چیت کیلئے بے چین ہیں لیکن اپنے لوگوں سے بات چیت کرنے میں کیوں اجتناب کیا جارہا ہے اور یہ اسلام اور ملک و قوم سے وفاداری نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب ڈرون حملے بند اور لاپتہ قیدیوں کے مسائل حل نہیں ہونگے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی اور اس وقت تک مذاکرات کی خواہش بھی خواب رہے گی۔ بیان میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کی قیادت سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو امریکہ، بھارت نواز قوتوں کی سازشوں سے بچائیں اور اس نام نہاد جنگ کا حصہ نہ بنیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات