سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی سطح میں بتدریج کمی

اتوار 8 ستمبر 2013 13:11

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8ستمبر۔2013ء) سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے۔ خیرپور کی 4تحصیلوں میں سیلاب کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔نواب شاہ کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی سطح ایک فٹ کم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

پانی میں گھرے 6 دیہات کے مکینوں کو آمد و رفت میں اب بھی مشکلات کاسامنا ہے، انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں کے تحت متاثرین میں مچھر مار اسپرے ، مچھر دانیاں اور دوائیں تقسیم کی ہیں۔

خیرپور میں سیلاب سے متاثرہ 4 تحصیلوں خیرپور،کنگری،گمبٹ اور صوبھو ڈیرو کے کچے کے علاقوں سے پانی کم ہورہا ہے۔ تاہم اب بھی اتنا پانی کھڑا ہے کہ متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہیں جاسکتے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 2 ماہ سے اسکول بند ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہورہا ہے۔