لاہور کے بعد تاندلیانوالہ میں بھی معصوم بچی سے زیادتی ، درندہ صفت ملزمان بچی کو بے ہوشی کی حالت میں مسجد کے باہر چھوڑ کر فرار ،وزیراعلیٰ پنجاب نے نامعلوم وحشیوں کے 8 سالہ معصوم بچی سے گینگ ریپ کا نوٹس لے لیا

ہفتہ 14 ستمبر 2013 20:33

تاندلیانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14ستمبر۔2013ء) لاہور کے بعد اب تاندلیانوالہ میں بھی معصوم بچی سے زیادتی کا انتہائی درد ناک واقعہ ، نامعلوم وحشیوں کے 8 سالہ معصوم بچی سے گینگ ریپ کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا ، درندہ صفت ملزمان بچی کو بے ہوشی کی حالت میں مسجد کے باہر چھوڑ کر فرار ہوگئے ، تحصیل ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر نے نامعلوم ملزمان کو بچانے کے لئے گول مول میڈیکل لیگل سرٹیفیکیٹ بنا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گڑھ کے علاقے کنجوانی کی آبادی حسین آباد جامع مسجد کے باہر 8سالہ بچی خون میں لت پت بے ہوشی کی حالت میں پڑی تھی جس کو راہگیروں نے اٹھا کر رورل کیئر ہیلتھ سنٹر کنجوانی پہنچایا جہاں پر تشویشناک حالت کی وجہ سے بچی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈیوٹی داکٹر نے بچی کا طبی معائنہ کیا اور نامعلوم ملزمان کو تحفظ دینے کے لئے معاملہ کو گول مول بنا کر رپورٹ تیار کردی ۔

بچی نے ہوش میں آنے کے بعد نہایت ڈری اور سہمی حالت میں اپنا نام ثمینہ دختر رفیق بتایا ۔ پولیس نے بچی کے بیان کے مطابق 5نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم 4 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا تاہم لڑکی کے لواحقین کو کچھ پتا نہیں چل سکا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔