بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے: وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 29 ستمبر 2013 19:57

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ہم صرف حلقہ بندی کر رہے ہیں الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل بلدیاتی الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔ یقین دہانی کراتے ہیں کہ دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

سکھر میں آبائی قبرستان لال مشائغ میں اپنے دادا کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھاکہ 2011ء میں کی جانے والی حلقہ بندیوں پر کسی جماعت کو اعتراض نہیں تھا اب کیا وجہ ہے اعتراض کی یہ بلدیاتی الیکشن ہیں عام الیکشن نہیں جوڈیشری کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ سندھ بھر میں امن قائم کریں گے۔ جرائم پیشہ افراد اب پولیس اور رینجرز کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ پرانے شہید پولیس افسران کے کیسز دوبارہ سے کھلے ہیں اور کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ٹارگٹ کلرز ملک کے اندر اور باہر فرار ہو چکے ہیں جبکہ اندرون سندھ جانے والے دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کا تعاقب بھی جاری ہے۔