ملک میں بلدیاتی انتخابات کبھی بھی جماعتی بنیادوں پر نہیں ہوئے ،سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرینگے ، عابد شیر علی ، مہنگائی کے طوفان سے عوام پریشان نہ ہوں ،بس حکومت چلنے دیں پھر مسائل ضرور حل ہوں گے ، انٹرویو ،حکومت کے پاس کوئی جادو کی چھڑ ی نہیں کہ 3 ماہ میں ملک کے تمام مسائل حل کرلیں ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 اکتوبر 2013 21:54

فیصل آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر۔2013ء) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کبھی بھی جماعتی بنیادوں پر نہیں ہوئے ، اس کے باوجود سپریم کورٹ جو حکم دے گی عمل کریں گے۔ایک انٹرویومیں عابد شیر علی نے کہاکہ ورکروں کے حقوق کے تحفط کیلئے بلدیاتی انتخابات میں ترمیم کی،اسی لیے جماعتی انتخا بات کا جواز نہیں بنتا تاہم اس کے باوجود عدالت جو حکم دے گی دسمبر میں بلدیاتی الیکشن ضرور کرا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان سے عوام پریشان نہ ہوں۔بس حکومت چلنے دیں پھر مسائل ضرور حل ہوں گے۔عابد شیر علی نے کہا کہ کاشکاروں کو کھاد کی مد میں سبسڈی دی جا رہی ہے کیونکہ کاشتکار کی خوشحالی سے ہی ملک خوشحال ہو گا جس کیلیے ضروری ہے کہ ملکی اداروں کی کارکردگی بھی بہتر بنائی جائے جس کے باعث خسارہ بڑھانے والے اداروں کی نجکاری کا فیصلہ حتمی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس کوئی جادو کی چھڑ ی نہیں ہے کہ 3 ماہ میں ملک کے تمام مسائل حل کرلیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پشاور میں ایسے کئی فیڈرز ہیں جن سے حکومت کو خسارہ ہورہا ہے تاہم اب چاہے زلزلہ آجائے یا پہاڑ ہل جائیں، خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے 5 برسوں میں صرف اپنی جیبیں بھریں، اگر وہ عوام کے لیے کچھ کرتی تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی تاہم سابق حکمرانوں کی کرپشن سے متعلق عدالتی فیصلوں پرعمل کیا جائے گا۔

عابد شیر علی نے کہاکہ ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ دن کو رات اور رات کو دن کردیں، مسائل کے حل کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے جس کے لئے ہمیں عوام کا تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے نیلم جہلم اور دیگر پاور پراجیکٹس کے لئے 19 ارب روپے جاری کردیئے ہیں جنہیں فوری استعمال میں لایا جائے گا۔