بم دھماکے اور راکٹ برسانے والوں کے کہنے پر حکومتیں نہیں جھکا کرتیں، وزیرریلوے

پیر 21 اکتوبر 2013 13:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اکتوبر 2013ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دہشت گرد بم دھماکے اور راکٹ برساتے رہیں اور کہیں کہ حکومت جھک جائے تو ایسے حکومتیں جھکا نہیں کرتیں۔ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نصیر آباد میں ٹرین پرحملہ وحشیانہ اور بزدلانہ کارروائی ہے، پاکستان اور پاکستانی قوم کو ان بزدلانہ بم دھماکوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا، ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور دہشت گرد عناصر بیخ کنی کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک حملے کی تحقیقات کی جارہی ہے ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ حملہ خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا کیونکہ ریلوے ٹریک سے ایک لاش ایسی بھی ملی ہے جس کا سردھڑ سے الگ تھا۔

(جاری ہے)

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دن کے وقت ٹرینوں کی حفاظت ایف سی کرتی ہے اس کے علاوہ بارودی مواد کا سراغ لگانے کے لئے خصوصی کتے بھی رکھے جائیں گے، جب تک ریلوے حکام کے پاس مناسب تعداد میں سراغ رساں کتے نہیں ہوتے کرائے پر کتے حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پر عوام کا اعتبار بحال ہونا شروع ہوا ہے، جسے مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم رواں برس کوئی نئی ٹرین نہیں چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :